آدمی نے فیس بک لائیو پر خود کشی کرلی، آخری بات کیا کہی؟ جان کر کوئی بھی افسردہ ہوجائے
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک آدمی نے فیس بک پر لائیو ویڈیو میں خودکشی کر لی، جس کی وجہ ایسی تھی کہ جان کر ہر آنکھ نم ہو جائے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس آدمی نے بتایا کہ اس کی نوکری کورونا وائرس کی وجہ سے ختم ہو گئی، جس پر اس نے ہرپریت سنگھ باٹھ نامی شخص کے پاس ملازمت کر لی۔ ہرپریت نے اسے جالندھر کے علاقے گرین ماڈل ٹاﺅن میں واقع اپنے گھر کی دیکھ بھال کا کام دیا۔ ہرپریت خود اربن اسٹیٹ میں رہتا تھا۔
آدمی نے ویڈیو میں بتایا کہ میں کئی ماہ تک صبح سے رات تک ہرپریت سنگھ کے گھر پر کام کرتا رہا لیکن اس نے مجھے تنخواہ نہیں دی۔ وہ اکثر مجھے اپنے دوستوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بناتا اور تضحیک کرتا تھا لیکن میں حالات کے ہاتھوں مجبور ہو کر یہ سلوک برداشت کرتا رہا لیکن بالآخر اس نے مجھے میری تنخواہ کی رقم دینے کی بجائے الٹا مجھ سے گھر کے کرائے کی مد میں 84ہزار روپے کا مطالبہ کر دیا۔ اس نے کہا کہ میں اس کے گھر میں اتنے ماہ سے رہ رہا ہوں چنانچہ اسے کرایہ ادا کروں۔ میرے پاس ایک روپیہ بھی نہیں ہے اور اب میرے پاس خودکشی کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔
رپورٹ کے مطابق یہ کہہ کر اس آدمی نے پھندہ لے لیا اور یہ اندوہناک منظر لوگوں نے فیس بک پر لائیو دیکھا۔ کچھ دیر بعد اس کی بیوی کمرے میں داخل ہوئی اور شوہر کو پھندے سے لٹکا دیکھ کر ہمسایوں کی طرف مدد کے لیے بھاگی۔ اس نے ہمسایوں کی مدد سے شوہر کو اتار کر ہسپتال منتقل کیا لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس آدمی کی فیس بک ویڈیو کی بنیاد پر ہرپریت سنگھ باٹھ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔