سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا آپریشن ہو گیا ،اب ان کی حالت کیسی ہے؟جانئے
ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن ) سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز کے پتے کا کامیاب آپریشن کر دیا گیا۔سعودی خبر رساں ادارے ’سعودی گزٹ‘ کے مطابق سعودی عرب کے خادم الحرمین شریفین کا پتے کا کامیاب آپریشن صوبے ریاض کے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں ہوا۔خبر رساں ادارے کے مطابق کامیاب آپریشن کے بعد ڈاکٹرز کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے شاہ سلمان مزید کچھ وقت ہسپتال میں گزاریں گے۔
اے ایف پی اور رائٹرز نے شاہی دربار کی جانب سے جاری کی جانے والے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شاہ سلمان کو کولی سِسٹائیٹس کی تکلیف کے باعث معائنے کے لیے دارالحکومت میں شاہ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال لایا گیا تھا۔سعودی عرب شاہی خاندان اور خصوصاً 84 سالہ شاہ سلمان کی صحت کے حوالے سے خبریں کم ہی دیتا ہے۔