نور مقدم کا قتل کہاں ہوا ، پولیس نے مقتل گاہ کی تصویر جاری کر دی 

نور مقدم کا قتل کہاں ہوا ، پولیس نے مقتل گاہ کی تصویر جاری کر دی 
نور مقدم کا قتل کہاں ہوا ، پولیس نے مقتل گاہ کی تصویر جاری کر دی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )اسلام آباد پولیس نے گزشتہ دنوں سابق پاکستانی سفیر کی قتل ہونے والی بیٹی نور مقدم کی جائے قتل کی تصویر جاری کر دی ہے ۔
پولیس کی جانب سے جاری تصویر میں نظر آنے والے کمرے میں نور مقدم کے خون کے دھبے دیکھے جا سکتے ہیں ، پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ آئی جی اسلام آباد نے تھانہ کوہسار کی حدود میں آنے والے علاقے ایف سیون فور میں سینئر افسران کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور پیشرفت سے آگاہ کیا۔


جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ آئی جی اسلام آباد کی تشکیل کردہ ٹیم میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور ایس پی سٹی، اے ایس پی کوہسار شامل ہیں ۔
دوسری جانب ایس ایس پی انویسٹی گیشن عطاءالرحمان نے اے ایس پی کوہسار آمنہ بیگ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ نور مقدم قتل کی اطلاع ملتے ہی ظاہر نامی ملزم کو موقع واردات سے گرفتار کیا ، فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں ۔ پولیس کیلئے یہ کیس انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، عدالت نے ملزم کا ریمانڈ دے رکھا ہے ۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق نور مقدم دو روز سے اپنے گھر نہیں تھی جس پر تحقیقات ہو رہی ہے ، ایک رہائشی کی جانب سے واقعے سے متعلق کال کی گئی تھی ، تاحال کوئی چشم دید گواہ سامنے نہیں آیا ، ملزم کے نشے میں ہونے سے متعلق کوئی شواہد نہیں ملے ، حالات سے ثابت ہوتا ہے کہ ملزم پورے ہو ش و حواس میں تھا ، آلہ قتل چھری ہے جو برآمد ہو چکی ہے ، ملزم سے پستول بھی برآمد ہوا ہے مگر فائرنگ کا معاملہ سامنے نہیں آیا۔
واضح کہ 20جولائی کو پاکستان کے سابق سفیر کی 28سالہ بیٹی نور مقدم کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا تھا ، مقتولہ کے والد کی مدعیت میں ملزم ظاہر جعفر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی جو کہ مقامی تاجر کا بیٹا ہے جبکہ ملزم کو جائے وقوعہ سے مبینہ طور پر رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔