فردوس عاشق اعوان نے الیکشن کمیشن آزاد کشمیرپرچڑھائی کردی ،ایسا سنگین الزام عائد کردیا کہ ن لیگ بھی سر پکڑ لے

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے ہاتھوں کھلونا بنا ہوا ہے،وزیراعظم آزادکشمیر تمام سرکاری وسائل اور اختیارات ن لیگ کی الیکشن مہم میں بے دریغ استعمال کررہے ہیں، کشمیریوں نے جس طرح عمران خان اورتحریک انصاف( پی ٹی آئی) کی قیادت کی مقبولیت کا اظہار بھر پور جلسوں سے کیا وہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ الیکشن میں کشمیری پی ٹی آئی کو ووٹ دینے جارہے ہیں ، وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ اور حق خوددارادیت کی آواز کو دنیا بھر تک پہنچا رہے ہیں، وزیراعظم کشمیریوں کو 22کروڑ پاکستانیوں کی ترجیحات کا روڈ میپ دینے جارہے ہیں،کشمیر کی قانون ساز اسمبلی اکثریت کے ساتھ وزیراعظم پاکستان کے نظریے کے ساتھ کھڑی نظر آئے گی۔
ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےکہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پاکستان کشمیربنے گا پاکستان کے نعرے کو عملی تعبیر دینے جارہی ہے،شاہی خاندان کی جعلی راجکماری پوری انتخابی مہم میں مودی کا بیانیہ سناتی رہیں،5سال کشمیر میں اقتدار میں رہنے کے باوجود ان کے پاس اپنی کارکردگی بتانے کو کچھ نہیں،اس لئے ان کی توپوں کا رخ وزیراعظم عمران خان اورپاکستان کے قومی سلامتی کے اداروں کی طرف رہا،اس نادان اور نااہل خاتون نے آزاد کشمیر میں مقبوضہ کشمیر کا نعرہ لگا کر انڈین میڈیا میں پذیرائی حاصل کرتے ہوئے کشمیریوں کی پیٹھ میں خنجر جھونکا،کشمیری اپنے خون سے آزادی کی داستانیں لکھ رہے ہیں جبکہ اپوزیشن قومی اداروں کو متنازعہ بناکر مذاق اڑارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پنجاب کی سیٹوں پرحکومت پاکستان آزادانہ اورمنصفانہ الیکشن کروانے جارہی ہیں،بدقسمتی سے الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر کے ہاتھوں کھلونا بنا ہوا ہے،وزیراعظم آزادکشمیر تمام سرکاری وسائل اور اختیارات ن لیگ کی الیکشن مہم میں بے دریغ استعمال کررہے ہیں،پی ٹی آئی کبھی آزاد جموں وکشمیر میں اقتدار میں نہیں آئی لیکن اس کے باوجود اپوزیشن جماعتیں کشمیر میں اس پرتنقید کررہی ہیں،جعلی راجکماری نے اپنی کسی تقریر میں مودی کی پالیسیوں کی مذمت نہیں کی اور نہ بھارتی بربریت کی بات نہیں کی، جو لوگ کشمیرمیں سازشیں کررہے ہیں کشمیری انہیں ذلیل ورسوا کرکے نکالیں گے۔
معاون خصوصی نے کہاکہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی قدرتی آفات اور مشکل کی ہر گھڑی سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے،ادارہ ہر ضلع کی مانیٹرنگ اور ڈیٹا اکٹھا کررہا ہے کیونکہ کسی بھی وقت کسی بھی ضلع میں ایمر جنسی آ سکتی ہے،وزیراعلی سردار عثمان بزدار کو لمبے بوٹ پہن کر شعبدہ بازی کرنے کے لئے پانی میں اترنے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ وہ ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے بہترین حکمت عملی اپنا رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا الزام حیران کن ہے،عجیب بات ہے کہ امیدوار آپ کا،ٹکٹ آپ کا اور کنٹرول ہمارا،ہر الیکشن میں امیدوار دوسرے امیدوار کی حمایت میں بیٹھ جاتے ہیں،جماعت اسلامی کو سوچنا چاہیے کہ ان کے امیدوارکی ٹانگیں کیوں کانپیں؟دراصل ان کا ضمیر جاگ گیا ہے،سراج الحق کے پاس اگر ثبوت ہے تو وہ الیکشن کمیشن کو پیش کریں،یہ صرف شرمندگی سے بچنے کے ہتھکنڈے ہیں۔ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ ماضی میں جیسے ہی قانون کا گھیرا نواز شریف کے خلاف تنگ ہوتا انڈین فوجیں بارڈر پر پہنچ جاتیں لیکن جب سے وزیراعظم عمران خان اقتدار میں آئے ہیں تب سے کراس بارڈرفائرنگ اور شہادتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔