وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرسعودی عرب کی جیلوں میں سے اب تک کتنے پاکستانی قیدی وطن واپس لائے جا چکے ہیں ؟ترجمان دفتر خارجہ نے بڑا انکشاف کردیا 

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرسعودی عرب کی جیلوں میں سے اب تک کتنے پاکستانی ...
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرسعودی عرب کی جیلوں میں سے اب تک کتنے پاکستانی قیدی وطن واپس لائے جا چکے ہیں ؟ترجمان دفتر خارجہ نے بڑا انکشاف کردیا 
سورس: File Photo

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سعودی عرب سے معمولی جرائم میں ملوث 85 میں سے 62 قیدی وطن واپس لا چکے ہیں،باقی ماندہ23 قیدیوں کے خروج ویزوں کا عمل مکمل ہو نے کے فوری بعد وطن واپس لایا جائے گا۔

اسلام آبادمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے تناظر میں ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ نے معمولی جرائم میں بیرون ملک سزا کاٹنے والے پاکستانی شہریوں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کیلئے سعودی عرب کے ساتھ رابطہ کیا، پاکستان کی درخواست پر سعودی حکام کی ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی نے ریاض میں پاکستانی قیدیوں کی تفصیلات کا جائزہ لیا اور 85 افراد کی سزا معاف کر دی ،سزا معاف ہونے کے بعد ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ نے متعلقہ سعودی حکام کے ساتھ رابطہ رکھا اور رہا ہونے والے افراد کیلئے خروج ویزے حاصل کئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ہم 85 میں سے 62 قیدی وطن واپس لا چکے ہیں تاکہ وہ پاکستان میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ عید منا سکیں، باقی ماندہ23 قیدیوں کے خروج ویزوں کا عمل مکمل ہو نے کے فوری بعد وطن واپس لایا جائے گا،ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ اسی طرح سعودی عرب کے دیگر علاقوں میں پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کیلئے رابطہ میں ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں کو سہولیات فراہم کرنے پر سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے شکرگزار ہیں۔