غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی ،آئی جی پنجاب پولیس نے بڑا حکم جاری کردیا

غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی ،آئی جی پنجاب پولیس نے بڑا حکم جاری کردیا
غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی ،آئی جی پنجاب پولیس نے بڑا حکم جاری کردیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ پاکستان آنے والے غیر ملکی شہریوں بالخصوص چینی ماہرین ، سرمایہ کاروں اور عام شہریوں کے سیکیورٹی انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانا پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے لہذا اس حوالے سے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلانے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی انتظامات کی موثر مانیٹرنگ کیلئے نیا سافٹ وئیر بھی تیار کیا جائے جس میں پاکستان آنے اور باہر جانے والے تمام غیر ملکی شہریوں بالخصوص سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی ماہرین کا ریکارڈ موجود ہونا چاہئیےاورساتھ ہی ساتھ انکی سیکیورٹی کیلئے تعینات سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو)کے اہلکاروں اور دیگر پولیس فورس کی مکمل تفصیلات بھی شامل ہونی چاہئیے۔

سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اجلاس کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر انعام غنی نے کہا کہ مذکورہ بالا سافٹ وئیر میں غیر ملکی شہریوں کے نام، فون نمبرز، پاسپورٹ نمبرز، رہائشی پتہ سمیت دیگر تفصیلات موجود ہونی چاہئیے ، سافٹ وئیر کی تیاری میں ائیرپورٹس پر موجود سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے چائینیز ڈیسکوں اور محکمہ ایف آئی اے سے درکار ہر ممکن معاونت بھی حاصل کی جائے ، پولیس دفاتر میں پیپر لیس ورکنگ کا آغاز فائل ورک کے خاتمے اور جدید پولیسنگ کے نظرئیے کو مزید مضبوط بنائے گا لہذا پیپر لیس ورکنگ کے ” پولیس آفس مینجمنٹ سسٹم “ کو تیار کرکے آئندہ دس روز میں لانچ کردیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گمشدہ بچوں اور ان کوپیش آنے والے جرائم کی روک تھام کے حوالے سے تیار کی جانے والی ایپ کو دو ہفتوں کے اندر تیار کرکے فیلڈ فارمیشنز کو مہیا کردیا جائے تاکہ بچوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کو مزید بہتر سے بہتر بنایا جاسکے۔

ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیر نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس دفاتر میں پیپر لیس ورکنگ کے حوالے سے ” پولیس آفس مینجمنٹ سسٹم “ کا ٹیسٹ رن آئندہ ہفتے میں شروع ہوجائے گا جبکہ اس حوالے سے آئندہ ہفتے میں سٹاف کی ٹریننگ بھی کروائی جائیں گی ۔انہوں نےکہاکہ گمشدہ بچوں کے حوالے سے ڈیزائن کردہ ایپ کی تیاری کا کام آخر ی مراحل ہے جسے ٹائم لائن میں مکمل کرکے لانچ کردیا جائے گا، ’ پولیس آفس مینجمنٹ سسٹم‘ای ورکنگ کا نیا جدید سسٹم ہے جس سے دفتری امور کی انجام دہی میں وسائل کے ساتھ ساتھ قیمتی وقت کی بچت بھی ہوگی۔

آئی جی پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ جرائم کنٹرول ،شہریوں کو سروس ڈلیوری کو بہتر سے بہتر بنانے اور دفتری امور کی انجام دہی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا موثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے ،چنانچہ نئے سافٹ وئیرز اور ایپلی کیشنز کی تیاری اور ان سے استفادے کا عمل جاری رکھا جائے ۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان،ڈی آئی جی ویلفیئر آغا محمد یوسف، ڈی آئی جی آپریشنز سہیل سکھیرا، ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی شاہد جاوید، ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیر، ڈی آئی جی لیگل ڈاکٹر معین مسعود سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ دوران اجلاس پنجاب پولیس کے آئی ٹی پراجیکٹس او ر انکی اپ گریڈیشن بارے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -