کورونا کے بڑھتے کیسز، پاکستان کا وہ ضلع جہاں دو ہفتوں کے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا
گوادر (ڈیلی پاکستان آن لائن) بلوچستان حکومت نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث ضلع گوادر میں دو ہفتوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کردیا۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع گوادر کی چاروں تحصیلوں میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا جس کا آغاز 25 جولائی سے ہوگا۔ لاک ڈاؤن کے دوران راشن، سبزیوں، دودھ کی دکانیں ، میڈیکل سٹورز اور پٹرول پمپس کھلے رہیں گے۔ ان دکانوں پر بھی صرف وہی افراد جاسکیں گے جنہوں نے ویکسی نیشن کروائی ہوگی۔
علاوہ ازیں ضلع گوادر کی مچھلی مارکیٹ، پارکس، کھیلوں کے میدان بند ہوں گے۔ ان ماہی گیروں کو سمندر میں شکار کیلئے جانے کی اجازت ہوگی جو کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں۔