اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کل وفاقی کابینہ کا اہم ترین اجلاس طلب کرلیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف پر پابندی،عمران خان ، عارف علوی اورسابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی قاسم سوری پر آرٹیکل 6 کے معاملات زیرغور آنے کا امکان ہے۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس کل 11 بجے وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں منعقد ہوگا، جس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بیرونی سرمایہ کاروں کو ویزا فری انٹری کی سمری، ایس ای سی پی ایکٹ کے تحت خصوصی عدالتوں کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ایجنڈے میں پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان مفاہمتی یاد داشتوں (ایم او یو) کی اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے چئیرمین کی تقرری کی منظوری بھی دی جائے گی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نجکاری کمیشن کے ارکان کی تعداد میں اضافے کی سمری بھی پیش ہوگی۔اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی اور سابق صدر عارف علوی، بانی چئیرمین پی ٹی آئی اور قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا معاملہ بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔