ڈھاکہ پریمیئر لیگ غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی
ڈھاکہ(اے پی پی) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی ) نے ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ ڈھاکہ پریمیئر لیگ کو غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی کر دیا۔ بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے رواں ہفتے کے شروع میں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ اس حالت میں لیگ کے انعقاد کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہیں، لیگ میں کرپشن الزامات کے حوالے سے بھی ابھی آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کی رپورٹ آنا باقی ہے۔ لیگ کو تیسری بار ملتوی کیا گیا ہے، اس سے قبل رواں سال مارچ میں قومی ٹیم کے دورہ سری لنکا کی وجہ سے اسے ملتوی کیا گیا تھا اور بعد ازاں کھلاڑیوں نے احتجاجاً ہڑتال کی تھی جس کے بعد آرگنائزرز نے جولائی کے شروع میں اس کے انعقاد کا اعلان کیا تھا لیکن بورڈ کو دوبارہ اسے ملتوی کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔