سہ ملکی سریز ، آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا
جمیکا(آئی این پی)ویسٹ انڈیز میں جاری سہ ملکی سیریز کے آٹھویں میچ میں آسٹریلیا نے میزبان ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔آسٹریلیا نے 283رنز کا ہدف48.4اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔آسٹریلیا کی جانب سے کپتان اسٹیون اسمتھ 78اور مچل مارش79 ، جارج بیلی34اور گلین میکسویل 46رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب شینن جبریل، کارلوس بریتھ ویٹ اور سلیمان بین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،ویسٹ انڈیز کے مارلن سیموئلز کو میچ میں 125رنز بنانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمیکا میں کھیلے گئے میچ میں مہمان آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ تو ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدائی تین بلے باز کوئی خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکے جس کے بعد مارلن سیموئلز اور وکٹ کیپر بلے باز دنیش رامدین نے 192 رنز کی شراکت قائم کی۔ سیموئلز نے 14 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 125 رنز بنائے جب کہ دنیش رامدین 91 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، جیمز فالکنر اور اسکاٹ بولانڈ نے 2،2 جب کہ جوش ہیزلی ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں کینگروز نے ہدف 4 وکٹوں پر 48.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔ شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتان اسٹیون اسمتھ نے 78 اور مچل مارش نے 79 رنز بنائے جب کہ عثمان خواجہ 17، ایرون فنچ 16، جارج بیلی 34 اور گلین میکسویل نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن جبریل، کارلوس بریتھ ویٹ اور سلیمان بین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر شکست خوردہ ویسٹ انڈیز ٹیم کے بلے باز مارلن سیموئلز کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر آسٹریلیا 15 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ جنوبی افریقا 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ویسٹ انڈیز 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔