سینئر ڈاکٹروں کے شناختی کارڈاور پاسپورٹ ریکارڈ مرتب کرنے کا منصوبہ ناکام

سینئر ڈاکٹروں کے شناختی کارڈاور پاسپورٹ ریکارڈ مرتب کرنے کا منصوبہ ناکام

 لاہو(جنرل رپورٹر ) سینئر ڈاکٹرز نے حکومتی احکامات ہوامیں اڑا دیئے، محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کیئرکا سینئر ڈاکٹرز کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کا ڈیٹا مرتب کرنے کا منصوبہ ناکامی سے دوچار، ٹیچنگ ہسپتال ایک ماہ گزرنے کے باوجود سینئر رجسٹرار، اسسٹنٹ، ایسوسی ایٹ اور پروفیسرز کے کوائف ہی جمع نہ کرسکے۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی جانب سے ٹیچنگ ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ایک ماہ قبل مراسلہ جاری کیا گیا تھا کہ سینئر رجسٹرار، اسسٹنٹ پروفیسر ، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پروفیسرز کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ نمبرز کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے تین روز کے اندر ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم پروفیسرز کے عدم تعاون کی وجہ سے ٹیچنگ ہسپتالوں کی انتظامیہ ایک ماہ بعد بھی سینئر ڈاکٹرز کے کوائف جمع کرنے میں ناکام رہی ہے۔ذرائع کے مطابق انتظامیہ کے استفسار پر بیشتر سینئر ڈاکٹرز کا جواب تھا کہ پاسپورٹ نہیں ہے، یا کہاں پڑا ہے یاد نہیں۔ اس صورتحال کے باعث محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو سینئر ڈاکٹرز کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈز کے نمبرز کے حصول میں کامیابی نہیں ہوسکی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1