اسٹیٹ بینک کے اعدادو شمار نے حکومتی کارکردگی کا پول کھول دیا،عبدالعلیم خان
لاہور (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمارنے وفاقی حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے ،8.6ارب ڈالر کا اضافی قرضہ اور غیر ملکی قرضوں کا حجم 60ارب 89کروڑ ڈالر ہو جانے سے ملکی معیشت کا ستیاناس ہو جائیگا اسی طرح آئی ایم ایف کے قرضوں میں 1.19ارب ڈالر کا اضافہ اور غیر ملکی واجبات کی مالیت 543ملین ڈالر کے اضافے سے 3.64ارب ڈالر تک پہنچ جانا حکومتی دعوؤں پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی ٹریڈرز ونگ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی طرح پنجاب حکومت کا بھی آوے کا آوا بگڑا ہو ا ہے جہاں 98ارب روپے کے اضافے کے ساتھ بیرونی قرضوں کا بوجھ 516ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے اور قرضوں کی واپسی کیلئے بھی مزید قرضہ حاصل کیا جا رہا ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ میٹرو بس کے بعد اورنج لائن ٹرین جیسے سفید ہاتھی کے منصوبے سرکاری خزانے کو نگل رہے ہیں اور ملکی معیشت بہتر بنانے کے حکومتی دعوے بن کھلے مرجھا گئے ہیں خزانے کے وزیر بوگس اعداد و شمار کے ساتھ مصنوعی تصویر کشی کے ذریعے سب اچھا ظاہر کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں لیکن سٹیٹ بینک اور دیگر مالیاتی اداروں کی رپورٹس نے بھانڈہ پھوڑ دیا ہے پی ٹی آئی کے تاجر ونگ کے حاجی طاہر نوید ،میاں طارق فیروز اور ملک زمان نصیب نے کہا کہ گذشتہ 3برسوں کی حکومتی کارکردگی انتہائی مایوس کُن ہے۔ انہوں نے عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ہونے والے فلاحی کاموں کو سراہا جس سے این اے122اور پی پی147کے عوام کو پینے کا صاف پانی میسر ہوا ہے انہوں نے پنجاب حکومت سے میاں میر ہسپتال اور جمیلہ آباد سیوریج منصوبے کو جلد فنکشنل کرنے کا مطالبہ کیا اور اس علاقے میں عبدالعلیم خان کی طرف سے کیے گئے کاموں کو سراہا ۔