تعلیم یافتہ قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں،صاحبزادہ سلطان احمدعلی

تعلیم یافتہ قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں،صاحبزادہ سلطان احمدعلی

لاہور (اپنے خبر نگار سے) علم حاصل کرنیوالی قومیں ہی دنیا میں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔نئی نسل بھرپور محنت اور علم کے ذریعے پاکستان کو دنیا کی عظیم طاقت بنائیں۔ علم اور اخلاق کے ذریعے ہی بڑا آدمی بنا جا سکتا ہے ۔ان خیالات کااظہار خانوادۂ حضرت سلطان باہوؒ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ شاہراہ قائداعظمؒ لاہورمیں جاری منفرد پروگرام نظریاتی سمر سکول کے سولہویں سالانہ تعلیمی سیشن کے ساتویں روز ’’اللہ تعالیٰ علم کے ذریعے ہی قوموں کو ترقی عطا فرماتے ہیں‘‘ کے موضوع پر طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے ۔پروگرام کے آغاز پر نظریاتی سمر سکول کے طلبا و طالبات نے تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبولؐ اورقومی ترانہ پیش کیا۔قندیل ظہیرنے تلاوت کلام پاک جبکہ محمد حسیب نے نعت شریف سنانے کی سعادت حاصل کی ۔ نظامت کے فرائض ننھی طالبہ فاطمہ جاوید نے انجام دیے۔صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ جو بچے توجہ اور شوق سے علم حاصل کرتے ہیں وہ جلد ترقی کرتے ہیں۔ نبی کریمؐ کے ارشاد کا مفہوم ہے کہ سب سے اچھا آدمی وہ ہے جو اپنی اولاد کو علم کا تحفہ دے۔علم دنیا کی سب سے خوبصورت چیز ہے۔ جس فرد یا قوم کے پاس علم نہیں وہ ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا ۔ اگر آپ تعلیم یافتہ ہوں گے تو ہی لوگوں کو اچھائی کی ترغیب اور برائی سے منع کر سکیں گے۔ علم مسلمان کا ہتھیار ہے۔ عقل علم کے ذریعے ہی طاقت پاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لازوال قربانیوں کے بعد حاصل ہونیوالے اس ملک کی علم حاصل کر کے خدمت کریں۔علم کی قوت سے ہر مشکل کام آسان ہو جاتا ہے۔ا پنے والدین اور اساتذہ کرام کا احترام کریں ،اپنے سے بڑوں کا ادب اور چھوٹوں کے ساتھ شفقت سے پیش آئیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1