ن لیگ ملک سے انتقام لینے کی پالیسی پر گامزن ہے، سعید غنی

ن لیگ ملک سے انتقام لینے کی پالیسی پر گامزن ہے، سعید غنی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر سعید غنی، سینیٹر ڈاکٹر کریم خواجہ اور سینیٹر عاجز دھامرا نے پاکستان اسٹیل ملز کو انتہائی خراب اور شکستہ حالی کا ایک سال مکمل ہونے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ پاکستان اسٹیل ملز شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قائم کیا تھا اور اسی حسد کے ناطے ن لیگ سے اس کا وجود برداشت نہیں ہورہا ہے اور وہ اس کو مٹانے کے درپے ہے۔صرف یہی نہیں بلکہ ن لیگ پاکستان سے انتقام لینے کی پالیسی پر گامزن ہے اور اسی وجہ سے آئی ایم ایف کے ایجنڈے کی تکمیل ن لیگ کا اولین ایجنڈا ہے۔پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ن لیگ کو شاید یاد نہیں کہ اب اس ملک پر اس کے آمرانہ طرز حکمرانی کے خاتمے میں بہت تھوڑا وقت باقی بچا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی جلد ہی ن لیگ کی تمام پاکستان اور عوام دشمن پالیسیوں کو ختم کرکے وطن دوست اور عوام دوست پالیسیاں نافذ کرے گی اور اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے خراب، خستہ حال اور کمزور قومی اداروں کو واپس ان کے پیروں پر کھڑا کرکے انھیں منافع بخش اداروں میں بدل دے گی۔انھوں نے کہا کہ افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ن لیگ خود کو جمہوری حکومت گردانتی ہے حالانکہ اس نے ابتک پاکستان اور عوام کے لیے کوئی ایسی پالیسی نہیں دی جس کا ذکر تک کیا جاسکے ماسوائے موٹروے کے جس میں بھی شفافیت کا رونا ہے۔علاوہ ازیں، آف شور کمپنیوں نے تو ن لیگ کی قیادت کو بے نقاب کرکے رکھدیا ہے کہ یہ وہ جماعت ہے جو ملک میں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کا سیلاب لاکر ملکی دولت کو بیرون ملک اپنی ذاتی جائیدادیں بناے اور کاروبار چلانے والا ٹولا ہے۔انھوں نے کہا کہ ن لیگ ایک ناکام حکومت اور عوام دشمن طرز حکمرانی کا دوسرا نام ہے جس نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو نظرانداز کیا ہے۔چاہے ملک میں دہشت گردی کا مسئلہ ہو یا پنجاب میں بدترین لاقانونیت کا معاملہ ہو، غربت اور بیروزگاری میں اضافہ ہو یا غیر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے حقوق کا مسئلہ ہو، صوبوں کے حقوق کا مسئلہ ہو یا این ایف سی میں ان کے جائز حصے کا معاملہ ہو، یہ تمام پہلو اس حقیقت کے غماص ہیں کہ ن لیگ کو پاکستان اور پاکستانیوں سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز پاکستان کا واحد اسٹیل پیدا کرنے والا ادارہ ہے جس کی بحالی سے نہ صرف روزگار کے انگنت موقع پیدا ہونگے بلکہ اس سے معیشت کا پہیہ بھی متحرک ہوگا لیکن افسوس تو اس بات کا ہے کہ ن لیگ کی قیادت کو پاکستان اور اس کے اداروں سے لگاؤ کا سبق کیسے پڑھایا جائے۔

مزید : علاقائی