حکومت وزیر اعظم کی قیادت میں عوام کی خوشحالی کیلئے کام کر رہی ہے :طارق فضل چودھری

حکومت وزیر اعظم کی قیادت میں عوام کی خوشحالی کیلئے کام کر رہی ہے :طارق فضل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (آئی این پی ) وزیر مملکت کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاہے کہ وفاقی دارالحکومت کی پہلی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو اختیارات منتقل کردیئے گئے ہیں، سی ڈی اے کے 49 ڈائریکٹوریٹس میں سے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو 23 کے اختیارات مکمل طور پر جبکہ 26 کے اختیارات جزوی طور پر منتقل کئے گئے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں عوام کی خوشحالی کیلئے کام کر رہی ہے، وفاقی دارالحکومت کو خوبصورت بنانے کیلئے 15 نئے منصوبے تیار کئے گئے ہیں،وفاقی دارالحکومت کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے 400 افراد پر مشتمل ایک نئی فورس تیار کی جا رہی ہے ، تجاوزات کے ساتھ ساتھ کچی بستیاں جو گذشتہ کئی دہائیوں سے قائم ہو چکی ہیں اس کے بارے میں بھی ایک مستقل پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے۔ وہ بدھ کویہاں اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز اور ڈپٹی میئرز کے ہمراہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزارت کیڈ نے اختیارات کی منتقلی سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن بدھ کو جاری کر دیا اور میئر اور ڈپٹی میئرز (آج) جمعرات سے باقاعدہ اپنے فرائض کی سرانجام دہی کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے 49 ڈائریکٹوریٹس میں سے 23 کے مکمل اختیارات میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو منتقل کئے گئے ہیں جبکہ 26 کے جزوی طور پر اختیارات منتقل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں عوام کی خوشحالی کیلئے کام کر رہی ہے، وفاقی دارالحکومت کو خوبصورت بنانے کیلئے 15 نئے منصوبے تیار کئے گئے ہیں۔ شیخ انصر عزیز نے کہا کہ غازی بروتھا ڈیم سے ایک پائپ لائن راولپنڈی اسلام آباد لانے کا منصوبہ ہے جس پر آئندہ مالی سال میں کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پائپ لائن کے مکمل ہونے سے 40 سے 50 سال تک دونوں شہروں کا پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قلیل المدتی منصوبوں میں پانی کی لیکیج کو ختم کرنے اور اس کی مینجمنٹ کو بہتر بنانے پر کام کیا جائے گا جبکہ نئے ٹیوب ویلز بھی لگائے جا رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا شعبہ سی ڈی اے کے پاس ہی رہے گا جبکہ وفاقی دارالحکومت کے تعمیر ہونے والے نئے سیکٹرز کا چارج میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو منتقل کردیا جائے گا۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے قیام سے وفاقی دارالحکومت کے شہری اور دیہی علاقوں میں ترقی کے حوالہ سے فرق دور ہو جائے گا اور سی ڈی اے کو دیہی علاقوں میں بھی خدمات سرانجام دینا ہوں گی۔

مزید :

علاقائی -