امجد صابری رمضان کاآخری عشرہ مدینے میں گزارنا چاہتے تھے ، صدیق اسماعیل

امجد صابری رمضان کاآخری عشرہ مدینے میں گزارنا چاہتے تھے ، صدیق اسماعیل

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )معروف نعت خواں صدیق اسماعیل نے کہا ہے کہ امجد صابری بہت اچھے دوست اور انسان تھے ،وہ رمضان کے آخری عشرے میں مدینے جانے کی خواہش رکھتے تھے تاہم نجی چینل کے ساتھ رمضان ٹرانسمیشن کی وجہ سے ان کا پروگرام تبدیل ہو گیا تھا ۔نجی نیو ز چینل دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا کامران خان کے ساتھ ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے صدیق اسماعیل نے کہا کہ امجد صابری صوفیانہ طبیعت کے مالک تھے ،جب بھی ملتے تھے توکلام کی فرمائش کرتے۔انہوں نے کہا کہ آخری مرتبہ امجد صابری سے پانچ ،چھ روز پہلے بات ہوئی تھی جس میں انہوں نے اپنے بچے کے پہلے روزے کے موقع پر دعوت دی تھی ۔ان کا کہنا تھا کہ امجد صابری منفرد شخصیت کے مالک تھے ،امجد صابری اپنے سے چھوٹو ں کو آگے بڑھاتے تھے اس لیے وہ ایک اکیڈمی کا درجہ رکھتے تھے،امجد صابری اپنے سینئر ز کے ساتھ ادب اور احترام کے ساتھ پیش آتے تھے ۔صدیق اسماعیل نے بتا یا کہ امجد صابری خاموشی کے ساتھ نچلے طبقے کی مدد کرتے تھے ۔

مزید : صفحہ اول