خیبرپختونخوا اسمبلی نے سالانہ بجٹ مالی سال 2016۔17 کی منظوری دیدی

خیبرپختونخوا اسمبلی نے سالانہ بجٹ مالی سال 2016۔17 کی منظوری دیدی

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا اسمبلی نے 505 ارب روپے کی سالانہ بجٹ مالی سال 2016۔17 کی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ پرویزخٹک کہتے ہیں کہ بجٹ اور فنانس بل کی منظوری کے وقت غیر حاضر پی ٹی آئی کے اراکین کے خلاف کاروائی ہو گی۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں سپیکر کی خصوصی ہدایات کے بعد اراکین اسمبلی کے تمام تحاریک تحیف کو ختم کر کے 59 محکموں کے مطالبات زر پیش کر کے خیبرپختونخوا کے مالی سال2016۔17 کے 505 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ بجٹ اور فنانس بل کی منظوری کے وقت غیر حاضر اراکین کے خلاف کارروائی ہو گی۔ اسمبلی سیکرٹریٹ سے تحریک انصاف کے غیر حاضر اراکین کی فہرست طلب کر لی گئی۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور اپوزیشن لیڈر لطف الرحمن نے گزشتہ روز صوبائی اسمبلی میں اراکین اسمبلی کے مابین لڑائی کے واقعے کو افسوسناک قرار دیا۔ صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان نے اسمبلی میں لڑائی کو افسوسناک تو قرار دیدیا لیکن معافی مانگنے سے انکار کر دیا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں فنانس بل 2016 کی بھی منظوری دیدی گئی۔ اجلاس کل تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔

مزید : صفحہ اول