ٹیوٹابیروزگار نوجوانوں کو سکیورٹی گارڈز بنانے کیلئے مفت تربیت دیگی، عرفان قیصر شیخ

ٹیوٹابیروزگار نوجوانوں کو سکیورٹی گارڈز بنانے کیلئے مفت تربیت دیگی، عرفان ...

لاہور( کامرس رپورٹر ) چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ ٹیوٹابیروزگار نوجوانوں کو سکیورٹی گارڈز بنانے کیلئے مفت تربیت دے گی۔ 5ہفتے دورانیہ کا یہ کورس پہلے مرحلے میں آئندہ ماہ سے صوبہ بھر کے14شہروں میں شروع کیا جا رہا ہے۔ اس کورس کے آغاز کا مقصد سکیورٹی کمپنیوں میں کام کرنے والے نوجوانوں کو پروفیشنل ٹریننگ فراہم کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورس کو شروع کرنے کیلئے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں جائزہ کار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرچیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی اور ٹیوٹا کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ اس کورس کو شروع کرنے کیلئے محکمہ داخلہ، پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122،ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کی معاونت حاصل کی گئی ہے ۔یہ کورس لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم، راوالپنڈی، اٹک، شیخوپورہ، فیصل آباد، میانوالی، ملتان، سرگودھا، بہاولپور،ڈیرہ غازی خان اور رحیم یار خان میں واقع 19ٹیوٹا اداروں میں شروع کیا جا رہا ہے۔اس کورس میں داخلے کیلئے عمر کی حد 18سے 45سال ہے۔ داخلے کیلئے سپیشل برانچ کی کلیئرنس مشروط ہو گی۔ دوران تربیت مفت ٹریننگ میٹریل کے علاوہ ایک ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا ۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے بتایا کہ اس وقت عرب ممالک کو تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈز کی اشد ضرورت ہے۔

اس سلسلے میں بیرون ملک بہت سے اداروں نے ٹیوٹا سے ماہر افرادی قوت کی دستیابی کیلئے رجوع کیا ہے۔ٹیوٹا کے اداروں میں کورس میں تربیت حاصل کرنے کے بعد ملکی و بین الاقوامی سطح پر روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔داخلے کیلئے تعلیمی قابلیت میٹرک پاس جبکہ ایف اے اور زیادہ قابلیت والوں کو ترجیح دی جائے گی۔ ٹیوٹا اور ہو م ڈیپارٹمنٹ کامیاب امیدواروں کومشترکہ سرٹیفکیٹ فراہم کرینگے۔ اس اقدام سے نہ صرف صوبہ میں جرائم میں کمی بلکہ دہشت گردی کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔

مزید : کامرس