انتظامیہ اتوار اور رمضان بازاروں کے علاوہ بھی قیمتوں پر نظر رکھے: صدر راولپنڈی چیمبر

انتظامیہ اتوار اور رمضان بازاروں کے علاوہ بھی قیمتوں پر نظر رکھے: صدر ...

راولپنڈی ( کامرس ڈیسک)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدمیاں ہمایوں پرویزنے حکومت خاص طور ضلعی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ رمضان بازاروں میں اشیائے روزمرہ کی باقاعدہ اور بھر پور سپلائی اورقیمتوں کے کنٹرول کی سخت نگرانی کرے اور مخصوص اتوار اور رمضان بازاروں کے علاوہ بھی قیمتوں پر نظر رکھے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور اسکے ساتھ ساتھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی تاجر کو نقصان پر اشیاء بیچنے کے لئے مجبور نہ کرے اور مارکیٹ میں طلب و رسد کیمطابق اشیاء کی قیمتوں کے تناسب کو بر قرار رکھا جائے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ تاجر و صنعت کار برادری پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ماہ مقدس میں اپنے منافع میں کمی کردیں۔

اور روزہ داروں کو جائز نرخوں پر اشیا کی فروخت کو ممکن بنائیں دنیا بھر میں مختلف مذاہب کے لوگ اپنے مذہبی تہواروں پر اشیاء کی قیمتوں میں 50فیصد تک رعایت دے دیتے ہیں جبکہ پاکستان میں مذہبی تہواروں کو رقم بٹورنے کاذریعہ سمجھا جا تا ہے۔انہوں نے تمام تاجر برادری سے اپیل کی کہ رمضان کے مہینہ میں اشیاء کی قیمتوں کو کم کر کے اپنی دنیا اور آخرت کو سنواریں۔ صدرراولپنڈی چیمبر نے کہاکہ رمضان بازاروں کے اعلانات خوش آئند ہیں مگر ان بازاروں میں تمام اشیاء ضروریات زندگی کی مناسب قیمتوں پر دستیابی حکومت کی ذمہ داری ہے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے اور حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے ادا کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے اور خاص طور پر سحری اور افطاری کے اوقات پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگ اپنے مذہبی فرائض کو بہتر طور سے ادا کر سکیں اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہ کی جائے

مزید : کامرس