پاک چین میگاریلوے پراجیکٹ سے بیرونی سرمایہ کاری بڑھ جائیگی ‘ شاہ فیصل آفریدی

پاک چین میگاریلوے پراجیکٹ سے بیرونی سرمایہ کاری بڑھ جائیگی ‘ شاہ فیصل ...

لاہور (کامرس رپورٹر)پاک چین میگاریلوے پراجیکٹ سے پاکستان کو نہ صرف چینی مارکیٹ میںآ سان رسائی میسر ہوجائے گی بلکہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری بھی بڑھ جائے گی اور پاکستان علاقائی تجارت کا مرکز بن جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شاہ فیصل آفریدی نے یہاں چائینہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے منسلکہ ریلوے پراجیکٹ کی عملداری میں شامل ایک بڑی چینی کمپنی ’’سی آر سی سی‘‘ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد میں مذکورہ کمپنی کے ڈپٹی جنرل مینیجر مسٹر ڑو جبان اور ڈویلپمنٹ مینیجر مسٹر ڑی فائی کے علاوہ ہیبائی ڈونگ سینگزنگ ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹد کے جنرل مینیجر مسٹر ٹیان وین چنگ بھی شامل تھے۔شاہ فیصل آفرید ی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ میگا ریلوے پراجیکٹ کی تکمیل میں انکا چیمبر ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے وفد کو بتا یا کہ پاکستان اور چین کے مابین زرائع رسل و رسائل سے متعلقہ منصوبوں کی تکمیل پاکستان کی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری بھی ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے حکومت سے بھرپور تعاون کر رہی ہے۔انہوں نے میگا ریلوے پراجیکٹ کی اہمیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ منصوبہ نہ صرف پاکستان اور چین کیلئے فائدہ مند ہے بلکہ اس کے اقتصادی فائدے علاقے میں موجود ارد گرد کے تمام ممالک کو پہنچیں گے۔تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذکورہ منصوبہ ہزاروں کی تعداد میں روزگار کے نئے مواقع فراہم کرے گا جس سے بلوچ آبادی کے تحفظات بھی کمی آئے گی۔انہوں نے امید کی کہ اس منصوبے سے پاکستان اور چین کے مابین سالانہ تجارت میں کئی گنا اضافہ ہوگا جس سے پاکستان کو ٹرانزٹ فیس کی صورت میں کثیرمحصولات وصول ہونے لگیں گے۔

شاہ فیصل آفریدی نے کہا کہ میگا ریلوے پراجیکٹ کی تکمیل چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کے ایک لازمی حصہ ہے جس کی تکمیل سے سال 2030 تک پاکستان میں سات لاکھ سے زئد ملازمتیں میسر آسکیں گی۔۔

مزید : کامرس