بادامی باغ، ڈھانچہ کی شکل اختیار کرنے والی ایک بوسیدہ لاش برآمد
لاہور(وقائع نگار) بادامی باغ کے علاقہ سے ایک بوسیدہ لاش ملی ہے جو ڈھانچہ کی شکل اختیار کر چکی ہے، مرنے والا کون ہے اس کو کب قتل کیا گیا کسی کو آج تک معلوم نہیں ہو سکا۔پولیس نے ڈھانچہ کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں جمع کروا دیا ہے ۔ایس ایچ او کے مطابق یقیناًیہ کسی نشئی کا ڈھانچہ ہے جبکہ مقامی لوگوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ کسی کو قتل کر کے لاش دبا دی گئی تھی مٹی میں لاش کافی عرصہ رہنے کے بعد اس کے جسم سے گوشت ختم ہو گیا ہے، پولیس کو حقائق جاننے کے لئے تفتیشی مراحل سے گزرنا ہو گا ۔جس جگہ سے ڈھانچہ ملا ہے اس کو زمین کے اندر دفن کیا گیا تھا ،کوئی بھی شخص کسی کو ایسے دفن نہیں کرتا اسے نشئی قرار دیکر طبی موت سمجھنا زیادتی ہو گا ،اعلیٰ افسران کو اس کا نوٹس لینا چاہیے کہ مرنے والا کس کا لخت جگر تھا اور پولیس کو اسے ایک ٹیسٹ کیس کے طور پر حل کرنا ہو گا ۔ورنہ یہی سمجھا جائے گا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنے کام سے غافل ہیں اور فرض شناسی سے کام نہیں لیتے ۔