فلوجہ کا ایک تہائی حصہ کلیئر ہوا،امریکی اتحاد

فلوجہ کا ایک تہائی حصہ کلیئر ہوا،امریکی اتحاد

بغداد (اے پی پی) امریکا کی قیادت میں اتحاد نے کہا ہے کہ فلوجہ کے صرف ایک تہائی حصے کو داعش کے جنگجوؤں سے پاک کرایا جاسکا ہے۔عراقی حکومت نے اسی ہفتے فلوجہ میں اپنی فتح کا اعلان کیا تھا لیکن شہر کے دو تہائی حصوں میں داعش اور عراقی فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے۔بغداد میں اتحادی فوج کے ترجمان امریکی کرنل کرسٹوفر گارور نے بدھ کو اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی سکیورٹی فورسز نے فلوجہ کے جنوبی حصے کو کلیئر کر لیا ہے اور اب شہر کے وسط سے دوسرے علاقوں میں داعش کے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔عراقی فورسز نے جمعہ کو فلوجہ کے وسط میں دھاوا بولا تھا اور ایک سرکاری کمپلیکس اور ہسپتال پر قبضہ کر لیا تھا۔اسی شام عراقی اسپیشل فورسز کے بریگیڈیئر جنرل حیدرالعبیدی نے امریکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے شہر کے 80 فی صد حصے پر کنٹرول کا دعویٰ کیا تھا۔

مزید : عالمی منظر