حکومت نام کی کوئی چیز نہیں دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں،طاہر القادری

حکومت نام کی کوئی چیز نہیں دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں،طاہر القادری

لاہور(خبر نگار خصوصی ) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ جب تک دہشتگردی کے انفیکشن کا مکمل علاج نہیں ہوتا،شہری مرتے رہیں گے ۔حکومت نام کی کوئی چیز نہیں دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں ۔امجد صابری کی دہشتگردانہ حملہ میں شہادت پر دلی افسوس ہے۔امجد صابری نے اپنی آواز سے نوجوان نسل کے دلوں میں عشق مصطفی ﷺ کی جوت جگائی ۔وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ دہشتگردی کا اژدھا بڑے بڑے ناموروں کو نگل گیا،مگر جمہوری حکمرانوں کی آنکھیں نہ کھل سکیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں چیف جسٹس کے بیٹے کی گمشدگی کے فوری بعد امجد صابری پر دہشتگردانہ حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشتگردوں کا نیٹ ورک نہ صرف موجود ہے بلکہ پوری طرح متحرک ہے۔دہشتگردی کا علاج صرف گولی سے ممکن نہیں اس کیلئے بنیادی محرکات کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہاکہ قومی ایکشن پلان دہشتگردی کے محرکات کو ختم کرنے کیلئے بنایا گیا تھا مگر اس ایکشن پلان کو سبو تاژ کرنے والے دہشتگرد نہیں بلکہ خود حکمران ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیر داخلہ قومی ایکشن پلان بننے کے ڈیڑھ سال بعد کہہ رہے ہیں کہ آئندہ مہینہ میں نیکٹا کا ہیڈ کوارٹر تعمیر ہو جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ جس جنگ کو جیتنے کیلئے قوم بے قرار ہے اس جنگ کے خلاف مرکزی کردار کے حامل ادارے نیکٹا کا ابھی دفتر زیر تعمیر ہے ۔

طاہر القادری

مزید : صفحہ آخر