سیاہ شیشے، جعلی نمبر پلیٹوں اور غیر قانونی بتیوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے: مشتاق سکھیرا

سیاہ شیشے، جعلی نمبر پلیٹوں اور غیر قانونی بتیوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی ...

لاہور(کرائم رپورٹر) کالے شیشے، غیر قانونی نیلی بتیاں، غیر نمونہ ،بلانمبرپلیٹ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں قانون کے نفاذ میں رکاوٹ کا سبب بن رہی ہیں ۔ان کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن اور سخت کاروائی کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ، مشتاق احمد سکھیرا نے آج سنٹرل پولیس آفس لاہورمیں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلا س میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز /انوسٹی گیشنز پنجاب، کیپٹن (ر) عارف نواز، ایڈیشنل آئی جیPHP ، امجد جاوید سلیمی، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب، ڈاکٹر عارف مشتاق، سی سی پی او لاہور، امین وینس،ایڈیشنل آئی جی سپشل برانچ پنجاب، فیصل شاہکار، ڈی آئی جی آپریشنز، عامر ذوالفقار،ایڈیشنل آئی جی CTD محمد طاہر رائے اور اے آئی جی آپریشنز، احسن یونس شامل تھے جبکہ تمام RPOs نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سیاہ شیشے ، جعلی نمبر پلیٹوں اور غیر قانونی بتیوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوراً ٰ قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ شاپنگ مارکیٹس، پلازوں ، رمضان بازاروں اور خرید و فروخت کے دوسرے مراکزکی سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرناپڑے۔عام شاہراؤں کے ساتھ ساتھ خرید و فروخت کے مراکز میں ٹریفک کی بلا تعطل آمد و رفت کو بھی یقینی بنایا جائے گااور رش کے دنوں میں صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے اضافی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔آئی جی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھر پور تعاون کریں تاکہ قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جاسکے ۔پولیس کی کاروائی مفاد عامہ کے لیے ہے اور اس میں ہر شہری کو قومی ذمہ داری سمجھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ عوام کے جان ومال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور عوام کے تعاون سے امن وامان کی فضاء انشاء اللہ ہمیشہ قائم رہے گی۔

مزید : صفحہ آخر