دفاع پاکستان کونسل دشمنان اسلام کی سازشیں بے نقاب کرے گی: حافظ سعید

دفاع پاکستان کونسل دشمنان اسلام کی سازشیں بے نقاب کرے گی: حافظ سعید

لاہور(خبر نگار خصوصی) امیر جماعۃ الدعوۃپاکستان پروفیسر حافظ محمدسعید نے کہا ہے کہ ملکی دفاع پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔دفاع پاکستا ن کونسل قوم میں شعور بیدار اور دشمنان اسلام کی سازشیں بے نقاب کرے گی۔ بیرونی قوتیں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ناکام کرنے کیلئے تحریکیں کھڑی کر کے اپنے مکروہ عزائم مکمل کرنا چاہتی ہیں۔لاکھوں کشمیریوں کا قاتل بھارت نیو کلیئر سپلائیر گروپ میں رکنیت کا اہل نہیں چین پاکستان کا بہترین دوست ہے جس نے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنایا۔چین کو بھی اپنے معاشی منصوبے مکمل کرنے کیلئے ایک پرامن اور محفوظ پاکستان چاہیے۔دفاع پاکستان کی ملک گیر تحریک جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساہیوال کے مقامی ہال میں دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ فرقہ واریت امت مسلمہ کے لئے زہر قاتل ہے امت کے وجود کو مستحکم کرنے کے لئے اس ناسور سے نجات حاصل کرنا ضروری ہے۔ پاکستان لاالہ الا اللہ کی جاگیر ہے مسلمان قرآن و سنت کا پرچم تھام لیں تو فرقہ واریت ختم ہو جائے گی۔انہوں نے کہاکہ صلیبی، یہودی و ہندو اس بات سے سخت پریشان ہیں کہ آنے والے وقت میں اسلام دنیاکی سب سے بڑی قوت بن کر ابھرنے والاہے۔ مسلمان اپنے قدموں پرکھڑے اور دنیامیں ایک مضبوط قوت بن رہے ہیں۔ انہیں خطرہ ہے کہ وہ باطل نظام اورڈھانچے جو انہوں نے بہت محنت سے مسلمان ملکوں میں قائم کئے تھے ‘ باقی نہیں رہیں گے۔ کمیونزم کی طرح سرمایہ دارانہ نظام بھی بکھر جائے گا اوران کی موجودہ حیثیت باقی نہیں رہے گی۔انہوں نے کہاکہ دشمنان اسلام کے تسلط سے نجات کیلئے مسلمانوں کو واپس اپنے اصل دین کی طرف پلٹنا ہو گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان اپنے عقائد واعمال کی اصلاح کریں، مغربی کلچر و ثقافت چھوڑ کر محمدی کلچر پر عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ساٹھ سے زائد ملکوں کو اللہ نے ہر قسم کے وسائل کی دولت سے نواز رکھا ہے اگر یہ اتحادویکجہتی کا مظاہرہ کریں تو مسلمانوں کے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کا کھل کر ساتھ دیں اور انہیں آٹھ لاکھ بھارتی فوج کے تسلط سے نجات دلانے کی کوششیں کریں وہ وقت دور نہیں جب کشمیری مسلمان ان شا ء اللہ آزاد فضا میں سانس لیں گے۔انہوں نے کہاکہ کشمیراور پاکستان لازم و ملزوم ہیں انہیں کسی صورت جدا نہیں کیا جاسکتا۔مظلوم کشمیریوں کی لازوال قربانیوں نے آزادی کشمیر کی منزل کو قریب کر دیا ہے پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پرکھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دشمنان اسلام چاہتے ہیں کہ مسلمانوں کوآپس میں دست وگریباں کر دیاجائے۔اتحادی ممالک افغانستان پر قبضہ کرکے خلیج کے وسائل پر بھی قابض ہونا چاہتے تھے لیکن کامیاب نہیں ہو سکے۔ ملک سے مذہبی تشدد، اندرونی خلفشار اور قتل و غارت گری کاخاتمہ انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک رحمتوں، برکتوں او رسعادتوں والامہینہ ہے۔ہر شخص کو چاہیے کہ وہ اپنے عقائد و اعمال کی اصلاح کرے ۔

مزید : صفحہ آخر