امجد صابری کی شہادت شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے ،گورنر سندھ

امجد صابری کی شہادت شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے ،گورنر سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے معروف قوال امجد صابری کی شہادت کو امن و امان خراب کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد کسی بھی صور ت میں اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میں گورنر سندھ نے کہا کہ وہ ایک انتہائی ملنسار شخصیت کے مالک تھے اور انہوں نے اپنے فن کے ذریعہ پور ی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے اپنے والد کے فن کو نہ صرف زندہ رکھا بلکہ اسے مزید پھیلایا وہ حقیقی معنوں میں پاکستان کا سرمایہ تھے۔ ان پر حملہ کرنے والے کسی بھی صورت میں پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے کیونکہ انہوں نے ایک محب و طن شخص کو ٹارگٹ کیا۔ انہوں نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا امجد صابری کے قاتلوں کو کسی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ امجد صابری کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو اس صدمہ کو برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

مزید : کراچی صفحہ اول