انتظامی و پولیس افسران کے رمضان بازار، سبزی منڈیوں کے دورے، سٹالز کا معائنہ

انتظامی و پولیس افسران کے رمضان بازار، سبزی منڈیوں کے دورے، سٹالز کا معائنہ

خانیوال، وہاڑی، میلسی، دنیا پور، کہروڑ پکا، بہاولپور، لودھراں، ہیڈ راجکاں، راجن پور(نمائندگان) انتظامی و پولیس افسران کی جانب سے رمضان بازاروں سبزی منڈیوں کے دورے جاری۔(بقیہ نمبر25صفحہ12پر )

اشیائے خوردنوش، سبزیوں، پھلوں کے معیار کا جائزہ نرخوں اور اوزان کی جانچ پڑتال، اس سلسلے میں خانیوال سے بیورو نیوز، نمائندہ پاکستان کے مطابق ڈی سی او خالد محمو دشیخ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے رمضان پیکج کے تحت ضلع خانیوال کے رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء خوردونوش عام مارکیٹ سے سستے داموں دستیاب ہیں اوراس رمضان پیکج سے صارفین بھرپور استفادہ کر رہے ہیں ۔ یہ بات انہو ں نے رمضان بازار خانیوال کے اچانک معائنہ کے موقع پر کہی اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عابد حسین بھٹی ‘ ای ڈی او زراعت رانا احمد منیر ‘ سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی عبدالغفار سمیت دیگر سرکاری افسران بھی موجودتھے ۔ ڈی سی او نے رمضان بازار کے ایک سرے سے دوسرے تک لگائے گئے کریانہ ‘ سبزیوں ‘ پھلوں ‘ مشروبات ‘ پولٹری ‘ فیئر پرائس شاپس پر آٹا ‘ چینی ‘ چاول ‘ کیلا ‘آلو ‘پیاز ‘ٹماٹر کا معیار ‘ اوزان اور نرخوں کی جانچ پڑتال کی ۔دریں اثناء ڈسرکٹ پولیس آفیسر جہانزیب نذیر خان نے اچانک رمضان بازار کبیروالہ کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر ڈی سی او خالد محمود شیخ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔انہوں نے ایک سرے سے دوسرے سرے تک لگائے گئے سٹالوں کا معائنہ کیا جہاں انہوں نے اشیاء خوردونوش کے معیار ‘قیمتوں اور اوزان کی جانچ پڑتال کی ۔وہاڑی سے بیورورپورٹ+نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈی سی او علی اکبر بھٹی اور ڈی پی او غازی صلاح الدین نے سبزی و فروٹ منڈی اور وہاڑی رمضان بازار کا معائنہ کیا سبزی منڈی میں اپنی نگرانی میں پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کرائی اور نیلام شدہ پھلوں اور سبزیوں کا وزن کرانے کے بعد فی کلو اوسط نرخ مقررکرائے اس دوران ای دی او زراعت چودھر ی مشتاق علی اور سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی محمد اعجاز سلیم منیس بھی موجود تھے دوپہر کے وقت ڈی سی او علی اکبر بھٹی اور ڈی پی او غازی صلاح الدین نے رمضان بازار وہاڑی کا معائنہ کیا اور سیکیورٹی کے علاوہ اشیاء کی دستیابی معیار اور ان کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ میلسی سے نما ئندہ خصوصی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس متبرک ماہ مبارک کے موقع پر عوام کو ضروریات زند گی اور روزمر ہ کی ضروری اشیاء بازار سے ارزاں ریٹس پر مہیا کر نے کیلئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کر کے آ ٹا ، دالیں ، گھی ، گوشت اور دیگر اشیاء کے نا فذ العمل ریلیف پیکیجز رمضان بازار میلسی میں دستیاب ہیں ان خیالا ت کا اظہار ڈسڑ کٹ کوارڈ نیشن آ فیسر وہاڑی علی اکبر بھٹی نے رمضان بازار میلسی کے معائنہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر محکمہ خوراک کے سٹال کا معائنہ کرتے ہوئے ڈسڑ کٹ فوڈ کنٹرولر وہاڑی چوہدری اصغر علی سہو اور قائم مقام اے ایف سی ربنواز شہزاد جعفری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آ ٹا کے تمام نمونہ جات میعاری ثابت ہوئے ہیں۔ دنیا پور سے نامہ نگار کے مطابق ایس پی ٹریفک ملتان کا رمضان بازار دنیا پور کا دورہ ، تفصیل کے مطابق گزشتہ روز ایس پی ٹریفک ملتان چوہدری یوسف شاہد نے رمضان بازار دنیا پور کا دورہ کیا جس کے دوران وہ مختلف سٹالز پر گئے اور وہا ں پر رکھی اشیاء کی قیمتو ں اورمعیار کا معائنہ کیا بعد ازا ں انہو ں نے صحا فیو ں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے رمضان بازار میں عوام کی سہولت کے لئے سستے دامو ں معیاری اشیاء کی فراہمی کا تہیہ کیا ہوا ہے۔ کہروڑپکا سے تحصیل رپورٹر کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک ملتان کا دورہ رمضان بازار۔ اشیاء خوردونوش کے ریٹ معلوم کئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک ملتان چوہدری یوسف نے رمضان بازار کا دورہ کیااور اس موقعہ پر تمام اسٹالز چیک کئے۔ اشیاء خوردونوش کے معیار اور ریٹس چیک کئے۔ بہاولپور سے بیورورپورٹ، ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سٹی راؤ تسلیم اختر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے اور معیاری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ماڈل بازار بہاول پور میں قائم سستا رمضان بازار کے معائنہ کے موقع پر صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے بتایا کہ تحصیل سٹی بہاول پور میں ماہ صیام کے گذشتہ 15دنوں کے دوران پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے گراں فروشوں پر ماہ مقدس کے دوران 5لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کے 25مرتکب افراد کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ 30افراد کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج بھی کروایا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرفرازاحمد فلکی نے ایس ڈی پی او صدر سرکل راؤ جمشید علی خان کے ہمراہ سبزی منڈی بہاولپور کا علی الصبح بولی کے وقت دورہ کیا ۔ جہاں پر انہوں نے سبزیوں اور فروٹوں کی قیمتوں کا جائزہ لیتے ہوئے قیمتیں دریافت کیں اور کوالٹی چیک کی۔ حکومت پنجاب کی طرف سے رمضان المبارک میں سبزیوں اور فروٹوں کی قیمتوں میں استحکام رکھنے کے لئے سبزی منڈیوں میں بولی کی نگرانی کی تاکہ منڈیوں سے مناسب قیمت پر مال دوکانداروں کو فروخت کیا جائے جس سے رمضان المبارک میں قیمتوں پر کنٹرول سے عوام کو ریلیف مہیا ہوسکے۔ بولی کے وقت مارکیٹ کمیٹی کے ودیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔ لودھراں سے نمائندہ پاکستان، نامہ نگار کے مطابق ڈی سی او محمد شاہدنیاز نے آج یہاں علی الصبح سبزی منڈی کا اچانک دورہ کیا ۔ا س موقع پر ڈی پی او اسد سرفراز، ای ڈی او زراعت گلزار احمد خلجی، اسسٹنٹ کمشنر لودھراں محمد طیب خان، ڈی ایس پی عبدالرحیم لغاری،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن رحیم طلب، نائب تحصیلدار عامر مجتبیٰ،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران اُن کے ہمراہ تھے۔ہیڈراجکاں سے نمائندہ پاکستان کے مطابق بہاولپور ڈاکٹر احشام انور نے اچانک رمضان بازار ہیڈراجکاں کا دورہ کیا ۔مختلف اشیاء کے اسٹالز پر گئے ۔اشیاء کی کوالٹی اور نرخ چیک کیے ۔مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار بھی کیا ۔جبکہ مرغی فروش کو ہدایت کی کہ ڈربے میں مرغیوں کی تعداد کم رکھی جائے ۔ شدید گر می کی وجہ سے مرغیاں مر بھی سکتی ہیں۔ جبکہ پھلوں کے اسٹال پر انہوں نے سیب کی کوالٹی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔ کہ سیب سائز میں بھی چھوٹا ہے ۔تھوڑا بڑا ہو نا چاہئے ۔ راجن پور سے نامہ نگار کے مطابق ڈی سی او راجن پور چوہدری ظہور حسین گجر کا علی الصبح راجن پور منڈی کا دورہ۔پھلوں وغیرہ کی کوالٹی اور قیمتوں کی چیکنگ کے ساتھ تاجروں سے ان کے مسائل بھی پوچھے اور موقع پر ہدایات جاری کیں۔ڈی سی او نے تمام تاجروں کو تاکید کی کہ خاص طور پر رمضان المبارک کے مبارک مہینہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے پھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی پر بالکل کمپرومائز مت کریں اور تاجروں کے جائز مطالبات فوری حل کرانے کے احکامات صادر کئے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر