خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے میں الیکشن کمیشن کا کلیدی کردار ہے ، انیسہ زیب

خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے میں الیکشن کمیشن کا کلیدی کردار ہے ، ...

 پشاور(پاکستان نیوز)خیبر پختونخواکی وزیر محنت اور معدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا ہے کہ انتخابات میں ووٹنگ کی شرح بڑھانے اور خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے میں الیکشن کمیشن کا اہم کردار ہے اور اس سلسلے میں سیاسی نمائندوں اور تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششیں کرنا بار آور ثابت ہو سکتی ہیں۔انتخابات میں خواتین کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کو خواتین کے لئے پولنگ سٹیشن ان کے گھروں کے نزدیک قائم کرنے کیساتھ ساتھ وہاں پر خواتین عملے کی تعیناتی بھی انتہائی ضروری ہے جبکہ مقررہ وقت پر مردم شماری کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روزاپنے دفتر میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ثریا جمال کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے صوبائی وزیر سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ڈی جی پی آر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی وزیر کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران صوبائی وزیر نے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت نے عوام کو ترقی و قومی دھارے میں بھرپور طریقے سے شامل کرنے کی غرض سے صوبے میں بہترین بلدیاتی الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا ہے جس سے صحیح معنوں میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں گے اور اس سے عام آدمی ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں خواتین کی شرکت یقینی بنانے کی غرض سے الیکشن کمیشن کو بھی اپنابھرپور کردار اداکرنا چاہیے۔ملاقات کے دوران ڈی جی پی آر الیکشن کمیشن آف پاکستان ثریا جمال نے بتایاکہ آنے والے عام انتخابات میں ووٹنگ کی شرح بڑھانے اور ووٹرز میں شعور جاگر کرنے کی غرض سے بہتر لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے اور سیمی ایجوکیٹر ووٹرز کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جو صوبے کے مختلف اضلاع میں شعور اجاگر کرنے کیلئے مختلف پروگراموں کا انعقاد کرے گی اور مقامی حکومتیں بھی اس میں کردار اداکریں گی۔ملاقات کے دوران صوبائی وزیر نے الیکشن کمیشن کی کوششوں کوسراہتے ہوئے ڈی جی پی آرالیکشن کمیشن کو اپنی طرف سے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ کمیشن انتخابات کے کامیاب انعقادکے لئے اپنی کاشوں کو جاری رکھے گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر