نوجوان نے نوکری کی درخواست ایسی لکھی کہ کمپنی نے فوری نوکری پر رکھ لیا، انٹرویو تک بھی نہ کیا، یہ کیسے ممکن ہے؟ وہ خبر جو نوکری تلاش کرنے والے تمام نوجوانوں کو ضرور پڑھنی چاہیے

Jun 23, 2016 | 10:02 PM

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) جب ہم کسی بھی جگہ نوکری کے خواہشمند ہوتے ہیں تو سب سے پہلے وہاں اپنا سی وی (CV)جمع کرواتے ہیں اور سی وی میں درج کی گئی معلومات ہی یہ فیصلہ کرتی ہیں کہ آیا ہمیں انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا یا نہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کوئی انٹرویولیے بغیر محض آپ کا سی وی دیکھ کر ہی آپ کو نوکری دے دے تو بھارتی شہر بنگلور کے اس نوجوان کے نقش قدم پر چلیں جس نے ایسا سی وی بھیجا کہ برطانیہ کے معروف میگزین ”جی کیو“ نے اسے بغیرانٹرویو کے پرکشش نوکری دے دی۔
برطانوی اخبار دی مرر کی رپورٹ کے مطابق 21سالہ سمکھ مہتا (Sumukh Mehta) دوسروں کو سی وی بنا کر دیا کرتا تھا اور اس سلسلے میں اچھا خاصا تجربہ رکھتا تھا۔ جب خود اس کے من میں برطانوی میگزین جی کیو میں نوکری کی خواہش پیدا ہوئی تو اس نے سی وی کی جگہ جی کیو کا 20صفحات کا پورے کا پورا میگزین تیار کرکے چھپوایا اور جی کیو کے لندن، نیویارک اور ممبئی میں واقع تینوں دفاتر میں کورئیر کے ذریعے بھجوا دیا۔ اس نے اس میگزین میں ایک تبدیلی کی کہ آرٹیکلز کی جگہ اپنی تعلیم و تجربے و دیگر زندگی کی معلومات درج کر دیں۔ اس نے اپنی معلومات پر مبنی یہ میگزین اس مہارت کے ساتھ بنایا کہ جی کیو کے ایڈیٹر انچیف ڈیلن جونز نے اسے بغیر انٹریو کے نوکری دے دی۔
سمکھ مہتا نے اپنے فیس بک پیج پر اپنا یہ سی وی شیئر کیا ہے اور ساتھ ہی تمام تفصیلات بھی تحریر کی ہیں۔ اس نے لکھا ہے کہ ”یہ سی وی تیار کرنے میں مجھے 3ہفتے لگے۔ اس کے لیے میں نے اپنے خصوصی فوٹو شوٹ کروائے، گرافک ڈیزائننگ اور مواد تحریر کیا جو بعد ازاں میگزین کے صورت میں شائع کیا۔ آج کی مسابقتی دنیا میں ہر چیز بہت مشکل ہو چکی ہے اور اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمیں تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ “

مزیدخبریں