بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پارٹی کے سینئر راہنماؤں کا اجلاس ،سیاسی صورتحال،پارٹی کی تنظیم نو اور دیگر معاملات پر غور

بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پارٹی کے سینئر راہنماؤں کا اجلاس ،سیاسی ...
بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پارٹی کے سینئر راہنماؤں کا اجلاس ،سیاسی صورتحال،پارٹی کی تنظیم نو اور دیگر معاملات پر غور

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے زیر صدارت’’ بلاول ہاؤس ‘‘ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی کی تنظیم نو کے معاملات پر غورکیا گیا ،حزبِ اختلاف کی جماعتیں پانامہ لیکس کو دبنے نہیں دیں گی،ملک میں موثر احتساب کا عمل ضروری ہے ۔

نجی ٹی وی ’’ابتک نیوز‘‘کے مطابق اجلاس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، رکن قومی اسمبلی فریال تالپور، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، بیرسٹر سینیٹر اعتزاز احسن، نیئر حسین بخاری، سید نوید قمر، قمر زمان کائرہ، سینیٹر شیری رحمن، نور عالم آفریدی، اعجاز جاکھرانی، ندیم افضل چن، فیصل کریم کنڈی، سردار لطیف کھوسہ، جمیل سومرو اور سینیٹر فرحت اللہ بابر شامل تھے۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے حزبِ اختلاف کی پارٹیوں کی پارلیمانی کمیٹی میں پانامہ لیکس کے مسئلے پر ٹی اوآرز بنانے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔بلاول بھٹو نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں غیرجانبدارانہ اور موثر احتساب کا عمل ضروری ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حزبِ اختلاف کی جماعتیں پانامہ لیکس کو دبنے نہیں دیں گی۔اجلاس میں پارٹی کی تنظیم نو کا جائزہ لیا گیا اور ہر صوبے کی کوآرڈینشن کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ پارٹی کے رہنما اصولوں کے مطابق تنظیم نو کو تیز تر کر دیا جائے۔  اجلاس نے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے صاحبزادے کے اغواء اور معروف قوال امجد صابری کے قتل کی شدید مذمت جبکہ  امن و امان کی بگڑتی  صورتحال اور   بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ کہیں یہ عسکریت پسندوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کی کسی بڑی سازش کا حصہ تو نہیں۔ اجلاس میں امجد صابری کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا مانگی گئی اور غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا گیا۔

مزید : قومی