دو روزہ ایگری ایکسپوکا انعقا دآج سے ایکسپو سنٹر میں ہورہا ہے، محکمہ زراعت
لاہور(کامرس رپورٹر)محکمہ زراعت پنجاب کی پہلی پاکستان ہارٹی ایکسپو 2018میں ملکی اور غیر ملکی صنعت کار ، کاشتکار، درآمد و برآمد کنندگان کی غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ہے ۔پاکستان ہارٹی ایکسپو کا انعقاد 13 اور 14جنوری کو ایکسپو سنٹرجوہر ٹاؤن ، لاہورمیں کیا جا رہا ہے۔ہارٹی ایکسپو اس حوالے سے بھی منفرد ہے کہ اس نمائش میں 40سے زائد مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین شریک ہو رہے ہیں جبکہ 100سے زائد مختلف سٹالز لگائے جارہے ہیں ، اس ہارٹی ایکسپو کے انعقاد سے جہاں ملکی ہارٹیکلچر کراپس اور ان کی مصنوعات کو دنیا بھر میں نئی منڈیاں ملنے کے امکانات روشن ہو ں گے وہاں دنیابھر کو پاکستان کے شعبہ زراعت کے متعلق آگاہی حاصل ہو گی ۔اس ایکسپو کا مقصد ہارٹیکلچر کراپس اور ان کی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کرنااور شرکا کو جدید تحقیق بارے بھی معلومات فراہم کرنا ہے ۔
علاوہ ازیں اس ایکسپو سے پاکستانی ہارٹیکلچر کراپس اور ان کی مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے دنیا بھر کے تاجروں سے رابطے میں مدد ملے گی اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ دنیا کی 16بڑی کمپنیاں بھی اس ایکسپو میں شریک ہوں گی، نمائش میں پھلوں،سبزیوں اوران سے بنی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔ہار ٹیکلچرکے شعبہ سے وابستہ کاشتکار،ایکسپوٹرز،امپورٹرز اورملکی و بین الاقوامی کمپنیاں اس نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کر سکیں گی۔