والڈ سٹی اتھارٹی کا تجاوزات کے خلاف آپریشن ، 4پلازے مسمار
لاہور(جنرل رپورٹر)والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کاغیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن،مستی دروازے میں غیر 4قانونی پلازے مسمار کر دیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق والڈ سٹی اتھارٹی کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف شروع کئے جانے والے آپریشن میں کوتوالی چوک میں قائم ملک ارشد پلازہ پراپرٹی نمبر F۔2164،گلشن سٹریٹ مستی گیٹ میں قائم پلازہ جس کا پراپرٹی نمبر C۔1873اور C۔1876اور شاہ عالمی موڑ پر قائم پلازہ پراپرٹی نمبر E۔46کو جزوی طور پر مسمار کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح اکبری گیٹ کی مین ڈرین پر قائم تجاوزات سمیت وچو گلی کے تھڑے اور چوڑی بازار میں قائم تجاوزات کا بھی صفایا کر دیا گیا ہے۔والڈ سٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر کنزرویشن و بلڈنگ کنٹرول نجم الثاقب کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کا آغاز رمضان المبارک میں ہی شروع کر دیا گیا تھا۔ دو ہفتے قبل اندرون لاہور سے 11 غیر قانونی پلازوں کو جزوی طور پر مسمار کر دیا گیا تھا جبکہ عید کے بعد شروع ہونے والے اس آپریشن میں 4پلازے مسمار کئے گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن والڈ سٹی اتھارٹی کے ایکٹ کی دفعہ 32(2B)کے تحت کئے جا رہے ہیں اور ہم ان آپریشنز کے ذریعے اندرون لاہور میں موجود پلازہ مافیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ غیر قانونی تعمیرات سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرون لاہور کے مختلف حصوں میں قائم غیر قانونی تعمیرات کی ایک فہرست مرتب کر لی گئی ہے ، ابھی تک غیر قانونی تعمیرات کو جزوی طور پر مسمار کیا جا رہا ہے جبکہ اگلے فیز میں ان تعمیرات کو مکمل طور پر مسمار کردیں گے۔