انسداد منشیات کا عالمی دن26،ورلڈ ریبیز ڈے 24جون کو منایا جائیگا

انسداد منشیات کا عالمی دن26،ورلڈ ریبیز ڈے 24جون کو منایا جائیگا

لاہور(سٹی رپورٹر )پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد منشیات کا عالمی دن26جون بروز منگل کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔اس دن کے منانے کا مقصد یہ ہے کہ جو لوگ منشیات کا استعمال کر تے ہیں انہیں منشیات کے مضر اثرات ، اس سے انسانی صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات اور منشیات کے استعمال سے روکا جا سکے۔ انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر مختلف سرکاری وغیر سرکاری تنظیموں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات، کانفرنسز ، سیمینارز ، واکس کا انعقاد کیا جائے گا۔ پنجاب میڈیکل کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہرین طب نے بتا یاکہ اگرچہ منشیات کی روک تھام کیلئے عالمی سطح پر کئی قوانین موجود ہیں اور انسداد منشیات کے بہت سے نیٹ ورک بھی قائم کئے گئے ہیں لیکن پھربھی یہ لعنت دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26جون کے یوم انسداد منشیات کے موقع کی مناسبت سے ملک میں منشیات کے استعمال کے خلاف معاشرے کے تمام طبقات کو سوسائٹی میں شعور عام کرنے میں اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں اکثر لوگوں کو یہ علم ہی نہیں ہے کہ منشیات کے عادی افراد کا علاج کر کے انہیں نشے کی لت سے کیسے بچایا جا سکتا ہے۔دریں اثناء پاکستان سمیت دنیا بھر میں ورلڈر ریبیز ڈے25 جون بروز پیر کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا ۔ اس موقع پر عالمی ادارہ صحت، حکومت پاکستان ، محکمہ صحت پنجاب ،پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن، بیکٹیر یالوجسٹس سپیشلسٹس ایسوسی ایشن اور دیگر طبی تنظیموں وا ین جی اوز کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات، سیمینارز ، کانفرنسز ، ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ تمام بڑے شہروں میں عوامی شعوری بیداری کیلئے واکس بھی منعقد کی جائیں گی۔محکمہ صحتکے ترجمان نے بتایا کہ ریبیز باؤلے کتے کے کاٹنے سے پیدا ہونے والی ایک انتہائی خطرناک ، دنیا کی دسویں بڑی مگر بروقت علاج کی صورت میں قابل علاج بیماری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں سالانہ 60 ہزا راور پاکستان میں تقریباً 5 ہزار افراد اس موذی مرض کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1