البیراک نے عید کے بعد مساجد کی ہفتہ وار صفائی مہم کا آغاز کر دیا

البیراک نے عید کے بعد مساجد کی ہفتہ وار صفائی مہم کا آغاز کر دیا

لاہور(سٹی رپورٹر)البیراک ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے عید الفطر پر کامیاب صفائی آپریشنز کے بعد شہر میں ہفتہ وار مساجد آگاہی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ جمعہ کے روز آشیانہ روڈ پر واقع جامع مسجد حاجی برکت علی میں نمازِ جمعہ کے اوقات میں صفائی و آگاہی سرگرمی کا انعقاد کیا گیا۔ مسجد آگاہی کمپین کا مقصد عوام کا تعاون حاصل کرنا تھا تاکہ مستقبل میں شہریوں کا مثبت کردار صفائی کے قیام میں معاون ثابت ہوسکے۔ البیراک ٹیم نے خطیب صاحب سے ملاقات کی اور ان سے درخواست کی کہ شہریوں بالخصوص نمازیوں میں جمعہ کے خطبات کے ذریعے صفائی ستھرائی کی اہمیت کو اجاگر کریں تاکہ وہ شہر کو گندگی سے پاک رکھنے میں اپنا انفرادی کردار ادا کرسکیں۔جمعہ کی نماز سے قبل جامع مسجد کی اطراف میں صفائی آپریشن کے بعد چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا۔ یوسی 242 میں البیراک ٹیم نے آگاہی کیمپ لگایا جہاں شہریوں کو صفائی کے قیام کے متعلق ضروری ہدایات دی گئیں۔ مقامی دکانداروں میں آگاہی لٹریچر بھی تقسیم کیا گیا جبکہ ان سے بھر پور تعاون کی اپیل بھی گئی۔ سرگرمی کے اختتام پر البیراک ٹیم نے مقامی رہائشیوں کے ہمراہ آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1