گوجرانوالہ ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ، 7فوڈ پوائنٹس سربمہر

گوجرانوالہ ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ، 7فوڈ پوائنٹس سربمہر

گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گوجرانوالہ میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے7فوڈ پوائنٹس سر بمہر کر دیے۔ مختلف فوڈ پوائنٹس کو ناقص صفائی کے انتظامات اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر141,500کے جرمانے عائدکیے نیز بھاری مقدار میں مضرصحت غذا تلف کرتے ہوئے متعدد کو وارننگ نوٹسز جاری کیے۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گوجرانوالہ اور گردونواح میں چیکنگ کر تے ہو ئے اللہ ھو ملک شاپ کودودھ کی ایل آر کم ہونے،حشرات کی موجودگی پر سیل،غلط لیبلنگ، استعمال شدہ آئل کے استعمال اورصفائی کے ناقص انتظامات پراتفاق فوڈز نمکو کو سر بمہر کر دیا۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چیکنگ کے دوران دیسی گھی کا سیمپل رزلٹ درست نہ آنے ،پروڈکشن ایریا میں حشرات کی بہتات، سٹوریج کے ناقص انتظامات پرفیصل روڈ اور فرید ٹاؤن سیالکوٹ سویٹس پروڈکشن یونٹس جبکہ مرچوں میں ملاوٹ کرنے، اشیاء کی زمین پر موجودگی ،ملازمین کے میڈیکلز کی عدم دستیابی پر شاہ مرچ فروش کو سیل کر دیا۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے نارووال میں کارروائیاں کر تے ہوئے ندیم بٹ بیکری یو نٹ اور گجرات میں آدم جی سویٹس کوگندے برتنوں کے استعمال، مکھیوں کی بھرمار،ملازمین کے میڈیکلز کی عدم موجودگی،گندے اور بدبودار ماحول کی وجہ سے سر بمہر کر دیا۔علاوہ ازیں گوجرانوالہ،منڈی بہاؤالدین اور حافظ آبادکے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر50,500کے جرمانے عائد کیے۔

نارووال،سیالکوٹ اورگجرات کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مضر صحت اجزاء کے استعمال،ہیئرنیٹ، اپرن استعمال نہ کرنے،سابقہ ہدایات پر عمل نہ کر نے اور صفائی کے غیر معیاری انتظامات پر91,000کے جرمانے عائد کر دیے۔ ڈویژن بھرمیں کارروائیوں کے دوران بر آمد شدہ150لٹر ملاوٹی دودھ،115کلوپینگاسیئس مچھلی،110حشرات زدہ مٹھائی،غیر معیاری رنگ اور دیگر اشیاء تلف کر دی گئیں۔ مزید کارروائیوں کے دوران درجنوں فوڈ پوائنٹس کو حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر وارننگ نو ٹسز جاری کیے گئے۔

کاروائیاں

مزید : علاقائی