سیاسی نااہل کیساتھ مقابلہ بنتا نہیں : شاہ محمود ، بڑھکیں نہیں مارتا اصولی سیاست جاری رکھوں گا : جہانگیر ترین

سیاسی نااہل کیساتھ مقابلہ بنتا نہیں : شاہ محمود ، بڑھکیں نہیں مارتا اصولی ...

ملتان (این این آئی) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میرا جہانگیر ترین سے کوئی مقابلہ نہیں ،مقابلہ سیاست میں ہوتا ہے لیکن جو شخص الیکشن نہیں لڑ سکتا اور کسی گیم میں شامل ہی نہیں اس سے مقابلہ بنتا ہی نہیں ہے،بنی گالہ کے باہر احتجاج کارکنوں کا حق ہے ،بتایا جائے سکندر بوسن کو سپورٹ کون کر رہا ہے؟ کون ہے جو کارکنوں کو احتجا ج پر اْکسا رہا ہے ؟ اتنی اخلاقی جرات ہے تو اسے سامنے آنا چاہئے،میں اپنے کسی رشتہ دار کو اپنے نظریے پر فوقیت نہیں دوں گا ، عمران خان کو وزیراعظم بنانے کیلئے خود کو قربانی کیلئے پیش کرنے کو تیار ہوں، خان صاحب خالصتاً میرٹ پر فیصلے کریں، میری طرف سے کوئی دباؤ اور لالچ نہیں ،عمران خان جو بھی فیصلے کریں گے اس پر آمین کہوں گا۔ ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پی ٹی آئی رہنما نذیر جٹ کو پارٹی میں اسحاق خاکوانی لے کر آئے لیکن عائشہ جٹ کو صوبائی ٹکٹ کس نے دلوایا؟ انہیں ضمنی الیکشن کس نے لڑوایا؟۔انہوں نے کہا کہ میں تو عائشہ جٹ کے ضمنی الیکشن میں بھی موجود نہیں تھا لیکن نذیر جٹ نے اگر بات کی ہے تو اپنے بل بوتے پر کی ہے، ان کی اپنی ایک سوچ، سیاسی حیثیت اور ایک نام ہے، میری اس میں کوئی شرارت نہیں ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بدنیت ہوں نہ شرارتوں کا عادی ہوں اور نہ ہی سازشی مزاج کا بندہ ہوں، میرا ایمان ہے کہ اللہ دلوں کے راز جانتا اور حقائق پہچانتا ہے۔

شاہ محمود قریشی

لودھراں (این این آئی) تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر خان ترین نے کہاہے کہ دھرنے کی سیاست پی ٹی آئی نے شروع کی تھی،اس لئے اب ہمیں اپنے خلاف بھی دھرنوں پر برا نہیں منانا چاہئے، ٹکٹوں کے بارے میں ضروری ہے کہ منصفانہ فیصلے کیے جائیں،پی ٹی آئی نے زیادہ تر نشستوں پر اچھے امیدوار کھڑے کئے ہیں، میں کسی کیخلاف بات کرنا پسند نہیں کرتا ،تحریک انصاف میں بطور عام کارکن کام کر رہا ہوں اور کرتا رہوں گا، پارٹی کیساتھ ایسے ہی کھڑا ہوں جیسے پہلے کھڑا تھا،شاہ محمود قریشی اپنے ضلع اور شہر کے لوگوں کیساتھ بیٹھ کر منصفانہ طریقے سے معاملات حل کریں ،دوسروں پر الزام لگانے سے بہتر تحفظات دور کرنا ہے،عمران خان کو وزیراعظم بنانے اورتحریک انصاف کو برسراقتدار لانے کیلئے جو ہو سکا کروں گا،ان رہنماؤں میں سے نہیں جو پارٹی معاملات میڈیا پر اچھالیں، میں باہر آ کر بھڑکیں نہیں مارتا، پارٹی کے اندر بات کرتا ہوں۔لودھراں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے ٹکٹوں کیلئے کوئی دھرنا دینا چاہے تو اس کی مرضی ہے، میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں ، اصول کی سیاست کرتا رہوں گا ۔انہوں نے کہاکہ شاہ محمود قریشی دوسروں پر الزامات لگانے کے بجائے عون چودھری جیسے کارکنوں کے تحفظات دور کریں۔جہانگیر ترین نے کہا کہ پی ٹی آئی میں نہ کوئی عہدہ مل سکتا ہے نہ میں کوشش کر رہا ہوں۔

جہانگیر ترین

مزید : صفحہ اول