پرویز مشرف نے آل پاکستان مسلم لیگ کی سربراہی چھوڑ دی ، استعفی الیکشن کمیشن کو ارسال
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیدیا،سابق صدر کے پارٹی سربراہی سے مستعفی ہونے کے بعد ڈاکٹر امجد کو جماعت کا نیا سربراہ جبکہ مہرین آدم کو سیکرٹری جنرل مقرر کردیا گیا۔نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد نے بتایا کہ پرویز مشرف نے آل پاکستان مسلم لیگ کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دے دیا جبکہ استعفیٰ الیکشن کمیشن کو بھی بھجوایا جاچکا ہے۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے نئے سربراہ کیلئے الیکشن کمیشن کو درخواست بھی جمع کرادی گئی جس میں ڈاکٹر امجد کو پارٹی سربراہ بنانے کی درخواست کی گئی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ پارٹی رجسٹریشن میں ڈاکٹر امجد کو سربراہ مقرر کیا جائے۔ڈاکٹر امجد کے مطابق پرویز مشرف نے استعفیٰ اس لیے دیا کہ وہ بیرون ملک رہ کر پارٹی نہیں چلا پا رہے تھے ۔ ڈاکٹر امجد نے کہاکہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف 18 جون کو پارٹی سربراہی سے مستعفی ہوگئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ پرویز مشرف کے مستعفی ہونے کے بعد 20 جون کو سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) نے اے پی ایم ایل کے نئے سربراہ کا انتخاب کیا۔
پرویز مشرف