پرانے ، کارکن کی بات نہیں ، جیتنے والوں کو ہی ٹکٹ دیں گے : عمران خان

پرانے ، کارکن کی بات نہیں ، جیتنے والوں کو ہی ٹکٹ دیں گے : عمران خان

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں پارٹی کارکنان کا احتجاج پانچویں دن بھی جاری رہا۔کارکوں نے عام انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف دھرنا دے رکھا ہے ٗان کارکنوں کا تعلق این اے 154 ملتان اور این اے 12 بٹگرام سے ہے۔احتجاج کرنے والے کارکنوں کے مطابق انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران نظریاتی ورکرز کو نظر انداز کر دیا گیا ٗ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے، یہیں بیٹھیں گے۔کیمپ میں ایک موقع پر جب یہ نغمہ چلایا گیا کہ جب آئے گا عمران ، بنے گا نیا پاکستان ٗتو ایک کارکن نے بلند آواز میں کہا کہ نیا پاکستان تب بنے گا جب صحیح افراد کو پارٹی ٹکٹ دے گی۔انہوں نے کہا کہ سکندر بوسن کو پارٹی ٹکٹ الاٹ کرنا پارٹی کے کارکنان کو منظور نہیں ۔

احتجاج

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے دھرنے کے 126دن اتنے مشکل نہیں لگے جتنے یہ 3ہفتے ٹکٹ دینے میں مشکل پیش آئی ہے،جو امیدوار الیکشن لڑنے کی سائنس جانتا ہے، ٹکٹ اسے ہی دیں گے، کارکن پرانا ہو یا نیا مگر ہم پارٹی ٹکٹ اسکو دینگے جس کے الیکشن جیتنے کے زیادہ چانسز ہیں اور جو انتخابات جیتنے کے طریقہ کار کو جانتا ہے، یہ الیکشن ہم جیتنے کیلئے لڑ رہے ہیں جیتیں گے تو ہی کوئی تبدیلی لے کر آئیں گے۔ بات میرٹ کی ہے اور میرٹ یہ ہے کہ کون الیکشن جیت سکتا ہے اور کون نہیں جیت سکتا۔ ٹکٹوں کی تقسیم آسان کام نہیں بلکہ بہت ہی مشکل کام ہے ۔ کوئی الزام نہیں لگا سکتا کہ میں نے ٹکٹ کیلئے ایک روپیہ بھی لیا ہو دوسری طرف زعیم قادری کہہ رہا ہے کہ حمزہ شہباز شریف 10، 10کروڑ روپے لیتا ہے پارٹی ٹکٹ دینے کیلئے۔سب سے مشکل کام خواتین کو ٹکٹ دینا ہے ساڑھے 4ہزار لوگوں نے ٹکٹ کیلئے اپلائی کیا تھا، ہم نے ٹکٹ دیئے لوگوں نے اعتراض کیا تو ٹکٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کی گئی، میں خدا سے ڈرتا ہوں کہ کسی کے ساتھ نہ انصافی نہ ہوجائے اس لیے بہت سوچ سمجھ کر فیصلے کررہے ہیں۔ (ن) لیگ میں عورتوں کو رشتہ داری کے بنیاد پر ٹکٹ دیئے جارہے ہیں۔وہ جمعہ کو بنی گالا کے باہر دھرنہ دینے والے کارکنوں سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے جذبے کو سلام ہے آپ میں انصاف لینے کا جذبہ موجود ہے ، میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ دریں اثنا ٹوئٹر پر عمران خان نے ٹوئٹ میں کہا کہ (ن) لیگ پاکستان کو ریکارڈ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے جیسا تحفہ دے گئی۔ بلند ترین گردشی قرضہ بھی (ن) لیگ حکومت کا کارنامہ ہے۔ تیل کی قیمتیں گرنے سے اربوں ڈالر بچت کے باوجود معیشت کا یہ حال ہوا۔

عمران خان

مزید : صفحہ اول