کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ، ہماری کارکردگی غیر جانبداری کی گواہی دے گی
لاہور(جنرل رپورٹر) پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، مکمل غیر جانبدار رہ کر شفاف اور منصفانہ طریقے سے عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے اور ہماری کارکردگی خود غیرجانبداری کی گواہی دے گی، عام انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ محکموں اور اداروں کو جانفشانی اور محنت سے فرائض سرانجام دینا ہیں اور اس ضمن میں ہر طرح کے وسائل بروئے کار لا کر قومی ذمہ داری کو بطریق احسن ادا کرنا ہے، محدود مدت میں اپنے مینڈیٹ کے اندر رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نگران صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری، آبپاشی، معدنیات و زکوٰۃ و عشر انجم نثارسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔نگران وزیراعلیٰ نے صنعتی شعبہ کی ترقی کو معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے بے روزگاری، افلاس اور غربت کے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام اور بہتری کیلئے ملک میں امن وا مان کی صورتحال بھی نہایت اہم ہے کیونکہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے ملک میں معاشی و تجارتی سر گرمیاں بڑھیں گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب