تحریک انصاف کے امیدواروں کی حتمی فہرست 25جون کو جاری ہونے کا امکان

تحریک انصاف کے امیدواروں کی حتمی فہرست 25جون کو جاری ہونے کا امکان

لاہور( شہزاد ملک ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے پارٹی امیدواروں کی حتمی فہرست 25جون کو جاری کئے جانے کا امکان ہے ٹکٹوں کی تقسیم کا مرحلہ عمران خان کے لئے درد سر بن کررہ گیا ہے جہاں جنرل نشستوں پر الیکشن لڑنے والے ٹکٹیں نہ ملنے پر عمران خان سے ناراض ہیں تو وہیں پر مخصوص نشستوں کی فہرست میں نام نہ آنے پر پارٹی کی سنیئر خواتین کی طرف سے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ذرائع کا دعوی ہے کہ پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ نے حتمی فہرست جاری کرنے کے حوالے سے تمام تر اختیارات چیئرمین عمران خان کو تفویض کردئیے ہیں اور انہیں کہا ہے کہ ان کا جو بھی فیصلہ ہو گا پارٹی اس کو من و عن تسلیم کرے گی اور جو ان کے فیصلے کو تسلیم نہیں کرے گا اس کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا ۔ پارٹی کی جن سینئر خواتین کے مخصوص نشستوں پر نام نہیں آئے، انہوں نے عمران خان کو تجویز دی ہے کہ وہ لسٹوں میں موجود خواتین کو انٹرویو کے لئے بلائیں انٹرویو میں ناکام رہ جانے والی خواتین سے اسی وقت استعفے لے لئے جائیں اس طرح سے ترجیحی لسٹ میں جن سنیئر خواتین کے آخر میں نام ہیں وہ خود بخود ترجیحی لسٹ کے اول نمبروں پر آ جائیں گے اور اس طرح سے وہ خواتین جو نئی نئی آئی ہیں اور انہوں نے مبینہ طور پر ساز باز کرکے اپنے نام فہرست میں اولین نمبروں پر ڈلوالئے ہیں ان کا بھی خاتمہ ہو جائے گا اور پارٹی میں موجود سنیئر خواتین کو بھی ان کا جائز مقام مل جائے گا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے یہ اعتراف کیا ہے کہ جنرل نشستوں کی بعض ٹکٹوں کی تقسیم کے وقت کچھ غلطیاں ہوئی ہیں ان کو درست کر لیا جائے گا جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست کو درست کرنے کے لئے بابراعوان ایڈووکیٹ سے کہا گیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں سپریم کورٹ سے رجوع کرکے اس کا حل نکالیں تاکہ قانونی طریقے سے اس کا کوئی حل نکالا جا سکے ۔

امکان

مزید : صفحہ اول