خوشاب ،قومی وصوبائی اسمبلی کے5حلقوں میں 70امیدوارآمنے سامنے

خوشاب ،قومی وصوبائی اسمبلی کے5حلقوں میں 70امیدوارآمنے سامنے

جوہرآباد(نمائندہ پاکستان) ضلع خوشاب کے قومی اسمبلی کے 2اور صوبائی اسمبلی کے 3حلقوں میں 70امیدوارمیدان میں ہیں تاہم کا غذات نامزدگی کی واپسی کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد امیدوار وں کی تعداد تقریباً 45رہ جائے گی ۔ اس وقت جو امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں ان میں کئی امیدواروں نے بطور متبادل امیدوار کاغذات نامزدگی داخل کرارکھے ہیں اور بعض امیدواروں نے مختلف سیاسی جماعتوں کے ٹکٹوں کی امید پر کاغذات جمع کرائے ہیں ۔ پانچوں حلقوں میں اصل معرکہ آرائی پاکستان مسلم لیگ ن ، پاکستان تحریک انصاف، تحریک لبیک پاکستان، پیپلزپارٹی اور متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کے مابین ہوگی ۔ جب کہ چند با اثر سیاسی شخصیات آزاد حیثیت سے اس معرکہ آرائی میں پنجہ آزمائی کرے گی۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 93میں پاکستان مسلم لیگ ن کی امیدوار سمیرا ملک کا مقابلہ ان کے دیرانہ حریف پی ٹی آئی کے امیدوار عمر اسلم اعوان ، آزاد امیدواروں ملک مظہر اعوان اور محمد علی ساول سے ہوگا۔ جب اس نشست پر عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار بہادر خان، متحدہ مجلس عمل کے امیدوار عبداللہ احمد اور پیپلزپارٹی کے امیدار آغا نسیم عباس بھی میدان میں ہیں ۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 94میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک شاکر بشیر اعوان کا مقابلہ ملک احسان اللہ ٹوانہ اور انجینئر گل اصغر بگھور سے ہوگا جن کے مابین پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے حصول کیلئے جنگ جاری ہے ۔ اس حلقہ میں پیپلزپارٹی کے غیاث دین بھی میدان میں ہیں ۔ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 82میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک کرم الہیٰ بندیال کا مقابلہ پی ٹی آئی کے امیدوار فتح خالق بندیال اور تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار ڈاکٹر نا صر خان اعوان سے ہوگا ۔ جب کہ اس معرکہ میں پیپلزپارٹی کے شیر افضل اور آزاد امیدوار ملک صغیر اعوان کے علاوہ سابق صوبائی و زیر الحاج صالح محمد گنجیال بھی موجود ہیں لیکن صالح محمدگنجیال انتخاب سے دست بردار ہونے کا اصولی فیصلہ کرچکے ہیں جس کا محض اعلان ہونا باقی ہے ۔ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 83میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک محمد آصف بھاء کا مقابلہ پی ٹی آئی کے امیدوار ملک حامد محمود وڈھل اور آزاد امیدواروں غلام رسول سنگھااور ظفر اللہ بوٹی سے ہوگا۔ اس معرکہ میں اے این پی کے بہادر خان، ق لیگ کے الیاس اعوان اور پیپلزپارٹی کے راجہ نثار احمد بھی حصہ لے رہے ہیں ۔ پی پی 84میں مسلم لیگ ن کے امیدار ملک محمد وارث کلو کا مقابلہ پی ٹی آئی کے سردار شجاع خان بلوچ سے ہوگا۔ جب کہ اس نشست پر تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار حافظ شیر محمد سیالوی ، متحدہ مجلس عمل کے امیدوار ملک محمد وارث جسرہ ایڈووکیٹ، پیپلزپارٹی کے امیدوار غیاث دین اور آزاد امیدوارخالد محمود نے بھی کاغذات جمع کرارکھے ہیں۔

خوشاب ،امیدوار

Back to Conversion Tool

مزید : صفحہ اول