این اے 129ریٹرننگ آفیسر مخالف امیدوار کا حامی ، انتخابی نتائج تسلیم نہیں کروں گا : ایاز صاد ق

این اے 129ریٹرننگ آفیسر مخالف امیدوار کا حامی ، انتخابی نتائج تسلیم نہیں کروں ...

لاہور (جنرل رپورٹر،آئی این پی ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قبل از انتخابات دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کولاہور کے حلقہ این اے 129کے ریٹرننگ آفیسر کیخلاف شکایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط میں انہوں نے کہا ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 129کے ریٹرننگ آفیسر غلام مرتضی اپل کے خلاف شکایت کی ہے ۔ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر مکمل طور پر جانبدار ہیں اور میرے سیاسی مخالف عبدالعلیم خان کو سپورٹ کر رہے ہیں۔انہوں نے خط میں مزیدکہا ہے کہ مجھے ذاتی طور پر کاغذات کی جانچ پڑتال کیلئے بلایا گیاجبکہ عبدالعلیم خان کو استثنیٰ دے دیا گیا اور پھرہمارے احتجاج پر عبدالعلیم خان کو 19جون کو بلایا گیا ۔ایاز صادق نے اپنے خط میں کہا کہ عبدالعلیم خان کے پیش ہونے پر ریٹرننگ آفیسر نے کہا کہ اپ کیوں آئے، آپ جائیں اپنی مہم چلائیں، عبدالعلیم خان کو کہا گیا کہ آپ کے کاغذات منظور ہو چکے ہیں۔انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں مزید کہا ہے کہ مجھ سے انتہائی توہین آمیز سوالات کیے گئے جن کا کاغذات کی جانچ پڑتال سے تعلق نہ تھا، میرے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات اور ترقیاتی کام کے متعلق غیر ضروری سوالات کیے گئے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر غلام مرتضی اپل کو تبدیل کیا جائے، اگر یہ ریٹرننگ آفیسر برقرار رہے تو یہ قبل از انتخابات دھاندلی ہوگی، اس ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے اعلان کردہ انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔

ایاز صادق

مزید : صفحہ اول