ڈپٹی اٹارنی جنرل سے ججوں کیخلاف زیر التواء شکایات کا ریکارڈ طلب
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے سپریم جوڈیشل کونسل میں ججوں کے خلاف زیر التوا ء شکایات پر کارروائی کے لئے دائر درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ڈپٹی اٹارنی جنرل سے متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے پاکستان لائیرز فاؤنڈیشن کی درخواست پر سماعت کی ،درخواست میں سپریم جوڈیشل کونسل میں ججوں کے خلاف شکایات کی جلد سماعت کی استدعا کی گئی ہے ۔درخواست گزارکے وکیل اے کے ڈوگر عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ججوں کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایات طویل عرصے سے زیر التواء ہیں ۔ وکیل نے بتایا کہ ججوں کے خلاف شکایتوں کا ازالہ نہ ہونے سے ججز کے قانون سے بالاتر ہونے کا تاثرپیدا ہو رہا ہے ۔درخواست گزار وکیل نے استدعا کی کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں ججوں کے خلاف زیر التوا ء شکایات پر کارروائی کرنے کا حکم دیا جائے ۔عدالت نے درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل سے زیر التوا ء شکایات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے مزیدکارروائی 18 ستمبر تک ملتوی کر دی۔