بھارتی انکار ، ہارٹ آف ایشیاریجنل گروپ اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری نہ ہوسکا

بھارتی انکار ، ہارٹ آف ایشیاریجنل گروپ اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری نہ ہوسکا

اسلام آباد ( آئی این پی ) این ڈی ایم اے کے زیراہتمام اسلام آباد میں ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس کے تحت چھٹے ریجنل ٹیکنیکل گرو پ کے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ بھارت کے انکار پر جاری نہ ہو سکا ،بھارت کی جانب سے کہا گیا ہے مذکورہ اعلامیے کی نئی دہلی سے توثیق او ر منظوری کے بغیر مشترکہ اعلامیے پر دستخط نہیں کئے جاسکتے جس کے باعث اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری نہ کیا جا سکا، تفصیلا ت کے مطا بق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ اس دوروزہ اجلاس میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے رکن ممالک کی جانب سے اب تک کی جانیوالی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے اگرچہ بہت زیادہ اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں تاہم ابھی بھی بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔اجلاس کی اختتامی تقر یب میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات نے کہا تمام رکن ممالک نے اجلاس میں شرکت کر کے یہ پیغام دیا ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنا سب کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ اسلام آباد کی میزبانی میں یہ چوتھا اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں پاکستان کے قا ئد انہ کردار کی تعریف کی گئی ہے۔ یونیسکو ارلی وارننگ سسٹم پر کام میں کافی پیشرفت ہو چکی ہے، ہم نے زلزلوں کے علاوہ سونامی اور سموگ کو بھی اس سسٹم میں شامل کرنے کی درخواست کی ہے۔ کانفرنس میں چین، جاپان، ترکی، بھارت، افغانستان، ایران، قزاقستان، اقوام متحدہ اور دیگر رکن ممالک کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

مزید : صفحہ آخر