پی ٹی آئی کا افتخار چودھری، صاحبزادی، داماد و سمدھی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

پی ٹی آئی کا افتخار چودھری، صاحبزادی، داماد و سمدھی کیخلاف کارروائی کا ...

اسلام آباد(آئی این پی ) ایڈن ہاؤسنگ میں اربوں کے فراڈکے معاملے پرپاکستان تحریک انصاف نے سابق چیف جسٹس افتخار چودھری، صاحبزادی، داماد اور سمدھی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا،چیئرمین نیب کے نام خط میں فواد چودھری نے موقف اپنایا کہ "ایڈن ہاؤسنگ" ملکی تاریخ کا ایک بڑا سکینڈل ہے جس میں قومی خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا، قومی احتساب بیورو کا کارروائی سے گریز چیئرمین اور ادارے کی ساکھ پر نہایت منفی اثرات مرتب کرے گا،افتخارچودھری کیخلاف کارروائی کیلئے قوم کی نگاہیں قومی احتساب بیورو کی جانب اٹھ رہی ہیں۔جمعہ کو ایڈن ہاؤسنگ میں اربوں کے فراڈکے معاملے پرپاکستان تحریک انصاف نے سابق چیف جسٹس افتخار چودھری، صاحبزادی، داماد اور سمدھی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔اس حوالے سے ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چودھری نے چیئرمین نیب کو خط لکھ دیا۔معتبر ترین شواہد اور عدالت عظمٰی کے واضح احکامات کے باوجود افتخار چودھری اور دیگر کیخلاف کارروائی سے گریز پر تشویش ہے۔ایڈن ہاؤسنگ میں بیواؤں، یتیموں اور غریب ملازمین کی جمع پونجی پر ہاتھ صاف کئے گئے۔قوم جاننا چاہتی ہے کہ آئینی طور پر باختیار ادارے نے اب تک افتخار چودھری، انکی صاحبزادی، داماد اور سمدھی کیخلاف کیا کارروائی کی۔ قومی احتساب بیورو کا کارروائی سے گریز چیئرمین اور ادارے کی ساکھ پر نہایت منفی اثرات مرتب کرے گا۔آئین کی بالادستی اور قانون کے یکساں نفاذ کے علاوہ تکریم کا کوئی راستہ نہیں۔چیئرمین نیب فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور ملکی تاریخ کے اس بڑے سکینڈل میں ملوث افراد کا انکی حیثیت کی بجائے جرم کی سنگینی کے اعتبار سے محاسبہ کیا جائے۔

مزید : صفحہ آخر