پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے چھاپے جاری، 37عطائیون کے اڈے سربمہر

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے چھاپے جاری، 37عطائیون کے اڈے سربمہر

لاہور (جنرل رپورٹر)ٹیموں پر ہونے والے حملو ں کے باوجود پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے تین شہروں میں کارروائی جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روزمزید37عطائیوں کے اڈے سربمہر کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق کمیشن نے لاہور ،شیخوپورہ اورقصور میں انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر کارروائی کی۔کمیشن کی ٹیموں نے ان شہروں کے مختلف علاقوں میں160علاج گاہوں پرچھاپے مارے ۔سب سے زیادہ19 اڈے قصورمیں بند کیے گئے جبکہ لاہور میں 12اور شیخوپورہ میں چھ عطائیوں کے کاروبار بند کردیے گئے ۔ ریکارڈ کے مطابق کمیشن کی ٹیموں نے جن160مراکزکا دورہ کیا،ان میں سے53عطائیوں نے عطائیت ترک کر کے دوسرے کاروبار شروع کر دیے ہیں۔لاہور میں سیل کیے گئے اڈوں میں نوعام عطائی،دوجعلی دندان ساز اورایک عطائی حکیم بھی شامل تھا۔ عام عطائی ،جو جنرل فزیشن بنے ہوئے تھے،ان میں مزمل کلینک،آصف کلینک،سمیع کلینک،عامر کلینک،وحید کلینک،ارشد کلینک،ایاز کلینک،خالد کلینک اور اللہ وسایا کلینک کو بند کیا گیا ہے۔کاشف ڈینٹل کلینک اینڈ لیب اور لاہور ڈینٹل لیب کے علاوہ المدینہ شفاخانہ کو بھی سر بمہر کر دیا گیاہے۔پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ترجمان کے مطابق کمیشن کی ٹیمیں مختلف شہروں میں عطائیوں کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھیں گی اورعطائیت کے مکمل خاتمے تک کریک ڈاؤن کا تسلسل قائم رکھا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4