چیف جسٹس پٹرول کے ساتھ بجلی کی قیمت کا بھی نوٹس لیں،کامران سیف
لاہور (سٹی رپورٹر)مسلم لیگ ق کے راہنما وسیکرٹری اطلاعات لاہور میاں کامران سیف نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت اوران پر اضافی ٹیکس کے معاملات کی سماعت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ چیف جسٹس عوام کو پٹرولیم مصنوعات پر بے جا ٹیکسوں میں ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ بجلی بلوں پر بھی ٹیکسوں کا نوٹس لیں۔
کیونکہ پٹرول اور بجلی بلوں پر ٹیکسوں کی بھرمار سے عوام پر مالی بوجھ ڈال کرپریشان کیا جارہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں کامران سیف نے کہا کہ مہنگے پٹرول کے باوجود سیلز ٹیکس جو پہلے ہی دنیا میں سب سے زیادہ پاکستان میں وصول کیا جارہا ہے اس کی شرح میں مزید اضافہ کرکے عوام پر مالی بوجھ ڈال دیا گیا چیف جسٹس کا اس پر نوٹس خوش آئند ہے۔