میرے کاغذات نامزدگی منظور ہوجائیں گے ،ڈاکٹرفاروق ستار

میرے کاغذات نامزدگی منظور ہوجائیں گے ،ڈاکٹرفاروق ستار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے میرے کاغذات نامزدگی منظور ہوجائیں گے۔ میری کوئی جائیداد ہی نہیں ہے، بس کچھ ایسے دوست ہیں جو مدد کردیتے ہیں۔ ہمارا مشن مہذب لوگوں کو آگے لانا ہے جو ناراض لوگ تھے وہ اب ایم کیو ایم میں واپس آرہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ آر اوز نے حلقہ 245 سے میرے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے اور بتایا گیا تھا کہ آپ کیخلاف دو مقدمات ہیں، جس میں مفروری ظاہر نہیں کی گئی تھی جس بنا پر میرے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے تھے۔ مقامی عدالت نے دونوں مقدمات میں ضمانت منظور کرلی ہے۔ جب بھی اس کیس کی سماعت ہوگی مجھے امید ہے میرے کاغذات منظور ہوجائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں فاروق ستار نے کہا کہ ہماری آپس کی لڑائی سے لوگ مایوس ہوگئے تھے جو لوگ اس خوش فہمی میں مبتلا تھے کہ ایم کیو ایم ختم ہوگئی اب وہ خود مایوس ہوں گے۔

مزید : کراچی صفحہ اول