ن لیگ میں اختلافات کے خاتمہ کیلئے امیر مقام کا صوابی کا دورہ

ن لیگ میں اختلافات کے خاتمہ کیلئے امیر مقام کا صوابی کا دورہ

صوابی (بیورورپورٹ ) مسلم لیگ ن کے صو بائی صدرانجینئر امیرمقام کی قیادت میں ن لیگ کا جرگہ عام انتخابات کیلئے اُمیدواروں کی نامزدگی اور ٹکٹ جاری کرنے کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں کے خدشات اور تحفظات دور کرنے کیلئے ضلعی جنرل سیکرٹری دلدار خان کے حجرے صوابی پہنچا، اس موقع پر ناراض کارکنوں نے صوبائی صدر سے ضلع صوابی میں پارٹی بچاؤ اور ضلعی صدر کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ، جرگہ میں مسلم لیگ ن ضلع صوابی کے ٹکٹوں کی تقسیم ، ضلعی صدر کے نامناسب روئیے اور پارٹی میں گروپ بندی کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار رہی ، امیرمقام نے ناراض کارکنوں کو منانے کی کوشش کی ،اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے صوبائی صدر کو پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم ،ضلعی صدر شیراز خان کا کارکنوں کے ساتھ نامناسب رویہ اپنانے ،پارٹی کے اندر گروپ بندی اور اختلافات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے اسے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ضلعی صدر شیراز خان کو پارٹی کی صدارت سے ہٹاکر پارٹی کو تباہی سے بچایا جائے ، اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے صوبائی صدر کو یقین دلایا کہ وہ کارکنوں کے ساتھ مشاورت کرکے آئندہ چند روز میں حتمی فیصلہ کرینگے ، صوبائی صدر انجینئر امیرمقام نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں ن لیگ کی کامیابی کیلئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں ، ملک میں ن لیگ کی حکومت کی قیام اور نوازشریف کے ہاتھ مزید مضبوط کرنے کیلئے کارکنوں کا اتحاد وقت کا تقاضا ہے ، لہٰذا کارکنان پارٹی کے اُمیدواروں کی کامیابی کیلئے بھرپور انداز میں مہم چلائیں ،انہوں نے کہا کہ الیکشن میں صوبے کے عوام پی ٹی آئی کو یکسر مسترد کرینگے ،صوبوں کے علاوہ مرکز میں بھی ن لیگ کی حکومت بنے گی ، اجلاس میں ضلع بھر کے رہنماؤں ،نامزد اُمیدواروں اور کارکنوں نے شرکت کی ۔

مزید : کراچی صفحہ اول