اسلام اور تبدیلی کے نعرے لگانے والے باہم مشت وگریباں ہوگئے ،حیدر علی شاہ

اسلام اور تبدیلی کے نعرے لگانے والے باہم مشت وگریباں ہوگئے ،حیدر علی شاہ

ہنگو(بیورورپورٹ)عوامی نیشنل پارٹی این اے 33ضلع ہنگو کے لئے نامزد اُمیدوار پیرحیدرعلی شاہ نے ٹل سے انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔حسان الدین سرائے میں عوامی نیشنل پارٹی عہدیداران و کارکنان اور یوتھ ونگ کے نوجوانوں سے اپنے خطاب میں پیرحیدر علی شاہ نے کہا کہ اپنے دور اقتدار میں2013 تک تحصیل ٹل میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا تھاجبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے دور اقتدار کے بعد کسی بھی منتخب امیدوار نے ہنگو میں ایک بھی میگا پراجیکٹ منظور نہیں کرایا۔انہوں نے سیاسی حریف جماعتوں کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے انتخابات کے لئے جتنے بھی امیدوار انتخابی میدان میں اترے ہیں اُن سمیت سابقہ عوامی نمائندہ گان کے ساتھ ہر پلیٹ فارم مقابلے کیلئے تیار ہوں۔ انہوں نے جمعیت علماء اسلام اور پی ٹی آئی پر کھڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کی اسلام اور تبدیلی کے نعرے لگانے والے کرسی کیلئے دست وگریبان ہوگئے ہیں تا ہم ضلع ہنگو کے عوام میں شعور آگیا ہے اوراب ہنگو کے عوام کارکردگی اور حقیقی کام کے بنیاد پرحق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔اس موقع پر تقریب سے بزرگ رہنما چراغ الدین،عبدالصمد،انتصار خان،جمشید،نصراللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے آخر میں پشاور ہوٹل حادثے میں شہید ہونے والے افراد کیلئے مشترکہ دعا کی گئی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر